کشمیر کونسل یورپین یونین کا برسلز میں ہندو ستانی سفارتخانے کے باہر احتجاج

کشمیر کونسل یورپین یونین کا برسلز میں ہندو ستانی سفارتخانے کے باہر احتجاج ...

                              برسلز(کے پی آئی)ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقعہ پر کشمیر کونسل یورپین یونین نے برسلز میں ہندوستانی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا ۔اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے کشمیر کونسل نے نئی دہلی سے مطالبہ کیاکہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیاجائے تاکہ وہ اپنے مستقبل کافیصلہ کرسکیں ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کونسل چیئرمین علی رضا سید و دیگران نے کہاکہ ہندوستان دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت ہونے کادعوی کررہاہے لیکن جموںکشمیر کے عوام کوان کے جمہوری حقوق سے محروم رکھ کر وہاں اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر میں امن پورے خطے سے جڑاہواہے ، اگر کشمیرمیں امن قائم کیاگیاتو پورے خطے میں امن و خوشحالی ہوگی ۔علی رضا سیدنے کہاکہ کشمیری اپنے حق خودارادیت پر کوئی بھی سمجھوتہ کرنے کوتیار نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ کشمیرمسئلہ کے حل سے پورے برصغیر میں امن و خوشحالی ہوسکتی ہے اور اس سلسلے میں امریکہ اہم کرداراداکرسکتاہے ۔ امریکی صدرباراک اوباماکے دورہ ہند کے تناظرمیں بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ امریکہ کو کشمیر کے پرامن حل کیلئے اپنے اثر ورسوخ کااستعمال کرناچاہئے اور اوباما اس بارے میں ہندوستانی حکام سے بات کریں ۔کونسل چیئرمین نے کہاکہ عالمی برادری کی بھلائی بھی اسی میں ہے کہ برصغیرمیں امن قائم ہو اور یہ امن کشمیر مسئلے کے حل سے ہی ہوسکتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان کوسیکورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرناچاہئے اور وہ اپنی سات لاکھ فوج سے کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔انہوںنے کہاکہ کشمیری اسی چیز کامطالبہ کررہے ہیں جس کا ہندوستان نے اقوام متحدہ قراردادوں میں وعدہ کیاتھا ۔ علی رضا سید نے کہاکہ الیکشن کا ڈراما رچا کر بھارت یہ دکھاناچاہتاہے کہ کشمیری بھی اس کی جمہوریت کاحصہ ہیں ، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان کشمیر میں ناکام ہوچکاہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں تاکہ تحریک مزاحمت کو دبایاجاسکے ۔انہوںنے کہاکہ جس طرح سے امریکہ نے مشرقی تیمور ، جنوبی سوڈان اور کسووو کو آزادی دلانے میں اہم رول اد اکیا اسی طرح سے وہ کشمیر میں بھی اپنا رول ادا کرے ۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ بھارت کا قریبی دوست ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل نہ صرف بھارت بلکہ پورے خطے کے لئے فائدہ مند ہے ۔

مزید : عالمی منظر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...