پاکستان کو نیوزی لینڈ سے دوسرے ٹور میچ میں بھی شکست

پاکستان کو نیوزی لینڈ سے دوسرے ٹور میچ میں بھی شکست

 لنکولن (اے پی پی) نیوزی لینڈ بورڈ پریذیڈنٹ الیون نے پاکستان کو دوسرے ٹور میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا۔ یہ گرین شرٹس کی متواتر دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل کھیلے گئے پہلے ٹور میچ میں بھی پریذیڈنٹ الیون نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ فاتح ٹیم نے 268 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 9 وکٹوں پر پورا کیا۔ مائیکل پولارڈ نے 153 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مصباح الحق کی 88 اور عمر اکمل کی 77 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں۔ محمد عرفان اور بلاول بھٹی نے 3، 3 اور سہیل خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ منگل کو لنکولن میں کھیلے گئے دوسرے ٹور میچ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 267 رنز بنائے، پہلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی صرف مصباح اور عمر اکمل کا بلا چلا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں 88 اور 77 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو تباہی سے بچایا، مصباح 88 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد حفیظ 18، سرفراز احمد صفر، یونس خان 7، حارث سہیل 6، صعیب مقصود 25 اور بلاول بھٹی 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیمی سن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ بورڈ پریذیڈنٹ الیون نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 9 وکٹ پر حاصل کیا۔ مائیکل پولارڈ نے 153 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ نیکولس 1، سیفرٹ اور کارٹر 7، 7، کین 2، شان ہکس اور ٹوڈ ایسٹل 29، 29، لوگن وان بک 13 اور جانسٹن 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیمی سن 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد عرفان اور بلاول بھٹی نے تین، تین جبکہ سہیل خان نے دو اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی