الخدمت فاؤنڈیشن کی مستحق اور نادار طبقے کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں،چودھری محمد سرور

الخدمت فاؤنڈیشن کی مستحق اور نادار طبقے کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں،چودھری ...

 لاہور(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے تحت گورنرہاؤس میں’’ایک شام یتامیٰ کے نام‘‘کے عنوان کے تحت پروگرام منعقد کیا گیا۔جس کا مقصد یتیم بچوں کو درپیش مسائل اور اُن کے حقوق کے حوالے سے احساس اجاگر کرنا تھا ۔پروگرام میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، الخدمت پنجاب کے صدر راؤ محمد سرور، الخدمت لاہور کے صدر انس واحدی سمیت یتیم بچے اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر انس واحدی نے الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یونیسف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 42 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں اور بڑی تعداد میں یتیم بچوں ایسے ہیں جن کوتعلیم، صحت اور خوراک کی مناسب سہولیات میسر نہیں ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن اِسی اہم ضرورت کے پیش نظر الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام پر کام کر رہی ہے جس میں آرفن فیملی سپورٹ پروگرام اور آغوش الخدمت ہومز کے تحت ملک بھر میں 4,700 یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے۔جس میں سے لاہور کے 225 یتیم بچے بھی شامل ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت کسی ایک ادارے یا فرد کی نہیں بلکہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ’’کفالت رسول ﷺ سے ، جنت کا حصول بھی۔۔رفاقت رسول ﷺ بھی‘‘ کے سلوگن کے تحت ملک بھر میں یتیم بچوں کی کفالت کے حوالے سے کام کر رہی ہے ۔جس کا مقصد یتیم بچوں کا سہارا بن کر انہیں تعلیم و تربیت اور دیگر بنیادی ضروریات کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہیں تاکہ وہ با اعتماد اور صحت مند شہری کے طور پرملک و ملت کی ترقی میں اہم حصہ لے سکیں۔ ۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ’[الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام ‘‘ معاشرے کے لیے ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ جس سے معاشرے کی تشکیلِ نو کی جا سکتی ہے۔یتیم بچے معاشرے کا حساس گوشہ ہوتے ہیں اور وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو کمزوروں کا دست بازو بنتے ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کے ملک بھر میں مستحق اور نادار افراد کے لئے کی جانے والی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ہم سب کو یتیم بچوں کی کفالت کے حوالے سے کام کرنا چاہیے اورمعاشرے کے صاحب استطاعت طبقے کو آگے بڑھنا ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...