گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر ہر صاحب ایمان رنج وغم سے چور ہے،محمد الیاس عطار

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر ہر صاحب ایمان رنج وغم سے چور ہے،محمد الیاس عطار

 لاہور(نمائندہ خصوصی )امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر ہر صاحب ایمان رنج وغم سے چور ہے۔ جسے جتنا دکھ ہوا اس کا ایمان اتنا ہی کامل ہے ۔تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی سے وابستہ مسلمان گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف بطور احتجاج ماہ عشق رسول منارہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے دعوت ا سلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں مدنی مذاکرے کے دوران مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ عشق میں نماز باجماعت کا اہتمام کرینگے ،256ایسی مساجد کی تعمیر کی جائے گی جن کا نام فیضان جمال مصطفی ﷺ ہوگا،ہر مسلمان کو چاہئے کہ ان مساجد کی تعمیر میں اپنی حیثیت کے مطابق حصہ ضرور ملائے ،دنیابھرمیں سنتوں کی تربیت کے تین تین دن کے بے شمارمدنی قافلے سفر اختیار کریں گے ،مسلمان سنتوں کو اپنائیں گے ، روزانہ ہر مسجد میں بارہ سو مرتبہ جبکہ عالمی مدنی مرکزفیضان مدینہ میں بارہ ہزار مرتبہ درود پاک پڑھا جائے گا۔ دعوت اسلامی مسجد بناؤ اور مسجد بھرو تحریک ہے ۔   انہوں نے کہا کہ حضور اقدس ﷺ کا رخ زیبا ایمان کی حالت میں جو دیکھ لے تو اس کا ایمان تازہ ہوجائے ۔   بے شک زیارت مصطفی ﷺ عین سعادت ہے ۔حضور پر نور ﷺ جہاں تشریف لے گئے وہاں تاریکیاں چھٹ گئی نور مصطفی ﷺ سے کائنات جگمارہی ہے ۔ہم خوش قسمت ہیں کیونکہ ہمارے ہاتھوں میں دامن مصطفی ﷺ ہے ۔ حضرت صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جب ایمان کی نظر سے دوعالم کے مالک ومختار ﷺ کا چہرہ دیکھا تو سب سے حسین پایا اور جب ابوجہل نے کفر کی نظر سے دیکھا تو اس بدبخت کو اپنا ہی چہرہ نظرآگیا اسی طرح گستاخانہ خاکے بنانے والوں نے گویا اپنے بگڑے ہوئے چہروں کا عکس بنادیا ہے ۔ہمارے آقا ﷺ کا حسن وجمال دیکھ کر لوگ فدا ہوجاتے ہیں۔مسلمان گستاخانہ خاکے ہرگز نہ دیکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانو کو چاہئے کہ گستان رسول کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کے ساتھ ان کی وضع قطع کا بھی بائیکاٹ کریں ۔مسلمان دشمنان اسلام جیسا حلیہ چھوڑ دیں ۔نماز حضور پر نور ﷺ کی مبارک آنکھوں کی ٹھنڈک ہے اس کی پابندی کریں ۔مدنی مذاکرے میں مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری ،رکن شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطاری ،رکن شوریٰ حاجی محمد امین عطاری ودیگر ذمہ دار اسلامی بھائی بھی موجود تھے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...