شمالی وزیرستان ،پاک فضائیہ کی بمباری ،76دہشتگرد ہلاک

شمالی وزیرستان ،پاک فضائیہ کی بمباری ،76دہشتگرد ہلاک

 میران شاہ،مہمند ایجنسی(مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این)چیف آف دی آرمی سٹاف نے چین سے واپسی پر مہمند ایجنسی کا دورہ کیا ہے اور کہا ہے کہ تمام قبائلی علاقے دہشت گردوں سے خالی کرائے جائیں گے۔ دوسری طرف شمالی وزیرستان میں پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں 76مارے گئے۔تفصیلات کے مطابق دورہ چین سے واپس وطن آتے ہی آرمی چیف جنرل راحیل شریف مہمند ایجنسی پہنچ گئے جہاں انہیں علاقے میں امن و استحکام کے حوالے سے جاری آپریشن اورترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔جنرل راحیل شریف نے دورے کے دوران جوانوں سے خطاب بھی کیا جس میں انہوں نے دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔آرمی چیف نے ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات دہشت گردی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہونگے،فاٹا کی تعمیر نو اور ترقی کیلئے جامع پالیسی کی ضرورت ہے،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پورے فاٹا کو دہشت گردوں سے خالی کروائیں گے۔دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے دتہ خیل کے علاقے میں فضائی کا رر وائی کرتے ہوئے 76دہشت گردوں کو ہلاک کر دیاہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات پر دتہ خیل کے علاقے میں فضائی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کونشانہ بنایاگیاجس میں76دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

مزید : صفحہ اول