صحافی ،فلمساز ،ڈائریکٹر ،ہفت روز فیملی میگزین کے بانی ایڈیٹر علی سفیان آفاقی انتقال کر گئے

صحافی ،فلمساز ،ڈائریکٹر ،ہفت روز فیملی میگزین کے بانی ایڈیٹر علی سفیان ...
صحافی ،فلمساز ،ڈائریکٹر ،ہفت روز فیملی میگزین کے بانی ایڈیٹر علی سفیان آفاقی انتقال کر گئے

 لاہور(فلم رپورٹر)ممتاز صحافی،مصنّف ،فلم ساز، ڈائریکٹر اورہفت روزہ فیملی میگزین کے بانی ایڈیٹرعلی سفیان آفاقی 82سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔وہ گزشتہ چند روز سے صاحب فراش تھے۔22اگست 1933ء کومسلمان ریاست بھوپال کے ضلع سیہور میں پیدا ہونیوالے علی سفیان آفاقی نے بھوپال اورمیرٹھ سے تعلیم حاصل کی۔بی اے آنرزکرنے کے بعد 1951ء میں جماعت اسلامی پاکستان کے اخبار’’تسنیم‘‘ سے عملی صحافت کا آغاز کیا۔اس کے بعد ہفت روزہ چٹان،اقوام،آثار،روزنامہ آفاق اور روزنامہ نوائے وقت میں مختلف اوقات میں خدمات انجام دیں۔فلمی ریویو پاکستان میں سب سے پہلے انہوں نے روزنامہ آفاق میں شروع کیا تھا۔آفاق،نوائے وقت،امروز،احسان اورجنگ میں وہ دام خیال اور دریچے کے نام سے مختلف اوقات میں کالم بھی لکھتے رہے۔ہفت روزہ فیملی میگزین نے ان کی ادارت میں کامیابی کی بہت سی منازل طے کیں اور اس وقت وہ ملک کا ایک معروف اورمؤقر جریدہ ہے۔صحافت کے ساتھ ساتھ انہوں نے فلموں میں بھی بہت نام کمایا۔1957ء میں اپنے دوست شباب کیرانوی کے ساتھ مل کر ایک فلم ’’ٹھنڈی سڑک‘‘بنائی۔1958ء میں ایوبی مارشل لاء کے دوران جب صحافت کو بیڑیاں پہنائی گئیں تو انہوں نے دلبرداشتہ ہوکرصحافت سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور فلم انڈسٹری کے ساتھ منسلک ہوگئے۔ڈائریکٹر اور فلم ساز حسن طارق کے ساتھ ان کی جوڑی نے فلم انڈسٹری کو کئی لازوال فلمیں دیں۔1965ء میں حسن طارق کے ساتھ مل کر بطور فلم ساز رُجحان ساز فلم کنیز بنائی جس کی کہانی انہوں نے لکھی تھی۔اس کے بعد ایک اور فلم ’’میرا گھر میری جنت‘‘بنائی۔فلم’’سزا‘‘ انہوں نے اکیلے بنائی جس میں جمیل اور روزینہ کی جوڑی کو متعارف کروایا۔1972ء میں بطورمصنّف،ہدایت کار اور فلم ساز فلم ’’آس‘‘بنائی جس کے بعد بے شُمار فلموں کی کہانیاں لکھیں جن میںآدمی،آج کل،فرشتہ،جوکر،قتل کے بعد،ایک ہی راستہ،آسرا،عدالت،شکوہ،دیوانگی،فاصلہ،آر پار،کبھی الوداع نہ کہنا،نیاسفر،میں وہ نہیں،عندلیب،میرے ہمسفر،مہربانی،گمنام،بندگی،کامیابی،ہم اورتم،پلے بوائے،مِس کولمبو،دامن اورچنگاری،دیوربھابھی،دل ایک آئینہ،محبّت،الزام،انتظار،انسانیّت،دوستی،نمک حرام،بیٹا،معاملہ گڑبڑ ہے،ویری گڈدُنیا ویری بیڈلوگ اور دیگر شامل ہیں۔ان کی فلمیںآس،اجنبی اورصائقہ تاشقند فلمی میلے میں بھی بجھوائی گئیں جہاں روس کی کئی زبانوں میں ان کے تراجم ہوئے۔علی سفیان آفاقی کو 8بار نگار،6بارگریجوایٹ، اورایک ایک بار فلم کرٹک اور مصوّر ایوارڈ سے نوازاگیا۔انہوں نے 28کے قریب کتابیں لکھیں جن میں فلمی الف لیلٰی سب سے زیادہ مقبول ہیں۔وہ فلمی دُنیا کا انسائیکلوپیڈیا تھے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...