بھارت امریکہ نیو کلیئر معاہدوں پر حکمرانوں کی خاموشی ناقابل فہم ہے،سراج الحق

بھارت امریکہ نیو کلیئر معاہدوں پر حکمرانوں کی خاموشی ناقابل فہم ہے،سراج الحق

لاہور( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ اوباما کی طرف سے ہندوستان کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنانے اور اس کے ساتھ نیوکلیئر معاہدوں پر پاکستانی حکمرانوں کی خاموشی ناقابل فہم ہے ۔انڈیا ایک جارح ملک ہے جو کشمیر میں قتل عا م کر رہاہے ۔ بھارت کی آٹھ لاکھ افواج نے کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر غلام بنارکھاہے ۔ بھارت پاکستان پر تین جنگیں مسلط کر چکاہے ۔ امریکہ کی طرف سے بھارت کو سلامتی کونسل کا رکن بنانے کی تجویز دینا بھی ظلم ہے ۔ ہم حکمرانوں کویہ نہیں کہتے کہ وہ امریکہ سے جنگ لڑیں مگر حکمرانوں کی طرف سے آقا و غلام کی شرمناک پالیسی عوام کے لیے قابل قبول نہیں ۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر علاقے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ جماعت اسلامی 5 فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کراچی سے چترال تک بڑے بڑے مظاہرے اور عوامی ریلیوں کا انعقاد کرے گی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کی مجلس شورٰی کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس ، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر ، سیکرٹری جنرل پنجاب نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے کہاکہ اوباما نے اقتدار سنبھالتے وقت دنیا کو کشمیر سمیت بڑے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن آج وہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے اور افغانستان کے اندر بیٹھ کر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے بھارت کو تھپکیاں دے رہاہے ۔ انہوں نے ایک دوسرے سوال کے جواب میں کہاکہ جماعت اسلامی 5 فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کراچی سے چترال تک بڑے بڑے مظاہرے اور عوامی ریلیوں کا انعقاد کرے گی ۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...