تھرپارکر کے عوام کی مدد ہمارا اخلاقی و مذہبی فریضہ ہے، حافظ عبدالرحمن مکی

تھرپارکر کے عوام کی مدد ہمارا اخلاقی و مذہبی فریضہ ہے، حافظ عبدالرحمن مکی

لاہور (پ ر) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ تھرپارکر کے عوام کی بلا امتیاز مدد کرنا ہمارا اخلاقی و مذہبی فریضہ ہے۔ جماعۃ الدعوۃ دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے سب کو ایک لڑی میں پرونا چاہتی ہے۔ بھارت میں مسلمان محفوظ نہیں لیکن تھر کے ہندو خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ ہم زبردستی تبدیلی مذہب کے قائل نہیں مگر انسانیت کی خدمت اسلامی فریضہ سمجھتے ہیں۔ بیرونی قوتوں کوہماری رفاہی سرگرمیاں بھی برداشت نہیں ہیں، ان کی سازشیں ہر سطح پر ناکام بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھرپارکر کے ضلعی صدر مقام مٹھی میں فلاح انسانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف، جماعت اسلامی کے رہنما میر محمد بلیدی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی آدم، جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما سیف اللہ خالد، نصر جاوید، معروف عالم دین مولانا احمد سموں، حافظ محمد کھٹی و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر جماعۃ الدعوۃ سندھ کے امیر فیصل ندیم، بلوچستان کے امیر مفتی محمد قاسم، ترجمان جماعۃالدعوۃ محمد یحییٰ مجاہد، حافظ خالد ولید، شفیق الرحمان، فیاض احمداور حافظ محمد انور سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں مسلمانوں سمیت ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوؤں سے ہمارا تعلق وطن عزیز کی بنیاد پر استوار ہے۔ پاکستان میں کسی سے ہماری کوئی دشمنی نہیں، ہم بلا امتیاز مسلمانوں اور ہندوؤں کی خدمت کر رہے ہیں۔ ہم غیر مسلموں کی عزت و آبرو کا تحفظ مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے کہا کہ خدمت انسانیت کی بدولت آج تھر کے ہندو بھی مسلمانوں کا احترام کرتے ہیں۔ ہماری رفاہی سرگرمیاں ذاتی مفادات کے لیے نہیں، انسانیت کی فلاح کے لیے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنما میر محمد بلیدی نے کہا کہ ملک میں جب کبھی بھی کوئی آفت آئی ہے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے بروقت مدد کے لیے پہنچ کر متاثرین کے درد کو اپنا درد سمجھا۔ ہم ایف آئی ایف کے رضاکاروں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی آدم نے کہا کہ جو بھی حق کی بات کرتا ہے، دنیا اسے دہشت قرار دے دیتی ہے۔ لیکن اس کے باوجود دنیا میں حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکا۔ جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما سیف اللہ خالد نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ تعلیم و صحت کے میدان میں بھی سرگرم ہے۔ خدمت ہی ہمارا شعار ہے۔مولانا نصر جاوید ، عالم دین مولانا احمد سموں، حافظ محمد کٹی و دیگر نے کہا کہ اسلام خیر خواہی کا دین ہے، سیرت نبویﷺ ہمیں خدمت انسانیت کی تعلیم دیتی ہے۔ مسلمان خدمت اور دعوت کو اپنا شعار بنائیں۔

مزید : علاقائی