بریک ڈاؤن کے بعد سسٹم بحال ہونے پر بھی لوڈ شیڈنگ دورانیہ سے متعلق دعوی پورا نہ ہو سکا

بریک ڈاؤن کے بعد سسٹم بحال ہونے پر بھی لوڈ شیڈنگ دورانیہ سے متعلق دعوی پورا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کامرس رپورٹر)بریک ڈاؤن کے بعد سسٹم بحال ہونے کے بعد بھی وزارت بجلی و پانی اور این ٹی ڈی سی کا لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کے حوالے سے دعوی پورا نہیں ہوا ۔ ملک میں گزشتہ روز بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ تاہم بریک ڈاؤن کے بعد سسٹم مکمل طور پر بحال ہونے سے بجلی کی پیداوار بہتر ہو گئی جس کے باعث ملک میں جاری بد ترین لوڈ شیڈنگ میں کمی آ گئی ۔ پیداوار میں اضافہ کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں دو سے چار گھنٹے تک کی کمی ہوئی ہے ۔ گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت سمیت بڑے شہروں میں دس سے بارہ گھٹنے چھوٹے شہروں میں پندرہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں سترہ گھٹنے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ وزارت بجلی و پانی اور این ٹی ڈی سی کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ سسٹم بحال ہونے کے بعد شہروں میں چھ گھٹنے اور دیہی علاقوں میں اٹھ گھنٹہ جبکہ صنعتوں کے لئے چار گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی ۔ گزشتہ روز بھی لیسکو سمیت تمام ڈسکوز کی جانب سے آج اور کل مرمت کے نام پر دس دس گھنٹے تک مسلسل درجنوں فیڈرز بند رکھنے کا شیڈول جاری کر دیا گیا ۔ حیران کن امر ہے کہ جن فیڈرز کی مرمت کے نام پر بندش کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ان کے ارد گرد میلوں دور تک کسی بھی قسم کا کوئی ترقیاتی کام یا کسی اور طرح کا کام نہیں ہو رہا اور نہ ہی ان فیڈرز کے گرڈ میں مرمت کا کوئی کام کیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب لیسکو نے ریکوری کی شرح بہتر کرنے کے لئے ہر طرح کے صارفین کے لئے بلوں کی اقساط پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ صنعتی صارفین کے لئے ادائیگی کی تاریخ میں توسیع پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے ۔ اس فیصلہ سے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے ۔ صنعتی صارفین کے بل جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 ہوتی ہے ۔ وہ تاریخ میں توسیع کروا لیتے تھے جس سے لیسکو کروڑوں روپے کی ریکوری سے محروم رہتا تھا ۔ دعوی پورا نہ ہو سکا

مزید :

علاقائی -