اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں ہلکی بارش، پنجاب ، بالائی سندھ میں شدید دھند

اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں ہلکی بارش، پنجاب ، بالائی سندھ میں شدید ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد / لاہور / پشاور(آئی این پی )وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، بالائی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی برف باری جبکہ پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔منگل کووفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آسمان پر ہلکے بادل ہیں ، صبح سویرے چھما چھم برسنے والے مینہ کے بعد شہر اقتدار دھلا دھلا رہا۔ موسم کا حال بتانے والے پنڈتوں نے بھی راولپنڈی ، اسلام آباد میں مزید ہلکی پھوار اور رم جھم کی نوید سنا دی ۔ ادھر لاہور ، فیصل آباد اور ملتان سمیت اکثر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بادلوں اورسورج کے درمیان آنکھ مچولی دن بھر جاری رہے گی۔ دوسری طرف گزشتہ روز ہونے والی برفباری کے بعد دیر بالا میں براول ، کمراٹ ، کوہستان اور لواری ٹاپ میں تین فٹ سے زیادہ برف کی تہہ جمی ہوئی تھی۔ کشمیر میں بھی ہر طرف برف ہی برف دکھائی دینے لگی ۔ مری میں ہلکے بادلوں کا راج رہا ۔ کالام ، استور اور گردو نواح میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ سردی پارا چنار میں پڑی جہاں پارہ منفی نو سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں رہے۔

مزید :

علاقائی -