سلمان تاثیر قتل کیس،ممتاز قادری کی اپیل پر سرکاری وکلاء کو تیاری کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

سلمان تاثیر قتل کیس،ممتاز قادری کی اپیل پر سرکاری وکلاء کو تیاری کیلئے ایک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک +اے این این) سابق گونر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں ممتاز قادری کی اپیل پرسرکاری وکلاء کو تیاری کے لئے ایک ہفتے کی مہلت،سماعت 3فروری تک ملتوی۔منگل کوسابق گورنر سلمان تاثیر قتل کیس میں سزائے موت پانے والے ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف اپیل پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ سرکاری وکیل جہانگیر جدون نے استدعا کی کہ کیس کی تیاری کیلئے وقت دیا جائے جس پر ممتاز قادری کے وکیل جسٹس (ر) خواجہ محمد شریف نے کہا کہ تین سال کے بعد اپیل کی سماعت مقرر ہوئی ۔ تین سال کے بعد بھی سرکاری وکیل کی تیاری نہیں،خواجہ محمد شریف نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے کوئی پیروی کو تیار نہیں ، شکایت کنندہ کی جانب سے بھی کوئی پیش نہیں ہوا ۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ یہ تاثر ختم کرنا ہو گاکہ پراسیکیوشن ڈر رہی ہے ۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سرکاری وکیل سے مکالمے میں کہا کہ آپ خود تیار نہیں اور التوا کا تمام ملبہ عدالتوں پر ڈال دیا جاتا ہے ۔ اس تاثر کو ختم کرنا ہوگا کہ اس کیس میں سرکار کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہو رہا ۔ عدالت اپیل کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کیلئے تیار ہے ۔ جہانگیر جدون کا کہنا تھا کہ ہمیں بینچ پر مکمل اعتماد ہے۔ عدالت خود کسی کو سرکاری وکیل مقرر کر دے ۔ جسٹس نور الحق قریشی نے کہا کہ سرکاری وکیل مقرر کرنا حکومت کا کام ہے عدالت کا نہیں ۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد میاں عبدالرؤف کی جانب سے تیاری کیلئے دو ہفتوں کا وقت دینے کی استدعا مسترد کر دی اور حکم دیا کہ ایک ہفتے میں پراسیکیوٹر تعینات کیا جائے ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیتے سماعت3فروری تک ملتوی کر دی۔

مزید :

علاقائی -