پرائمری سکول کی معمر ترین طالبہ، عمر اتنی کہ یقین نہ آئے

پرائمری سکول کی معمر ترین طالبہ، عمر اتنی کہ یقین نہ آئے
پرائمری سکول کی معمر ترین طالبہ، عمر اتنی کہ یقین نہ آئے

  

نیروبی (نیوز ڈیسک) پرائمری سکول میں عام طور پر تو 5 سے 10 سال عمر کے طلباء ہی پائے جاتے ہیں مگر کینیا کے ایک پرائمری سکول میں ایک طالبہ کی عمر دوسرے طلباء سے کچھ زیادہ ہے، یعنی یہ طالبہ 90 سال کی ہیں اور ان کے ہم جماعتوں میں ان کے 6 عدد پرپوتے اور پرپوتیاں بھی شامل ہیں۔یہ منفرد طالبہ پریسلا سٹی اینے ہیں جو آج سے چار سال پہلے مادالت گاؤں کے ’’لیڈرز وڑن سکول‘‘ میں داخل ہوئیں۔ پریسلا اپنے گاؤں کی مقبول ترین شخصیت ہیں اور وہ نہایت معمر ہونے کے باوجود باقاعدگی سے سکول پہنچتی ہیں۔ وہ دوسرے طلباء کی طرح نیلی وردی اور اس کے اوپر سبز سویٹر پہنچ کر سکول آتی ہیں اور ریاضی، انگلش، جسمانی تعلیم اور دیگر مضامین کی کلاسز میں باقاعدگی سے شامل ہوتی ہیں۔ سکول کی ہیڈ ماسٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے تو پریسلا کو داخلہ دینے سے انکار کر دیا تھا مگر جب انہیں داخل کر لیا گیا تو پتہ چلا کہ وہ تو نہایت محنتی طالبہ ہیں۔وہ نہ صرف اپنی پڑھائی بہت اچھی طرح سے کرتی ہیں بلکہ ننھے بچوں کو اپنے اردگرد بٹھا کر کہانیاں بھی سناتی ہیں۔ سکول کے بچے بھی ان سے نہایت محبت کرتے ہیں۔ وہ گاؤں کی دایہ کے فرائض بھی سرانجام دیتی ہیں اور ان کے تقریباً تمام ہم جماعت انہیں کی مدد سے دنیا میں آئے ہیں۔ سکول کے ہیڈ ماسٹر کا کہنا ہے کہ وہ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو مطلع کریں گے کہ ان کی 90 سالہ طالبہ کو ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جائے۔ پریسلا کہتی ہیں کہ وہ آوارہ پھرتے لڑکوں کو روک کر پوچھتی ہیں کہ وہ سکول کیوں نہیں جاتے تو وہ کہتے ہیں کہ ان کی عمر زیادہ ہو چکی ہے جس پر وہ انہیں بتاتی ہیں کہ وہ سکول جاتی ہیں اور اس لئے انہیں بھی سکول جانا چاہئے۔

مزید : علاقائی