فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں فوراً گیس بحال کی اور پریشر بہتر کیا جائے‘عبدالباسط

فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں فوراً گیس بحال کی اور پریشر بہتر کیا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( این این آئی) لاہور چیمبرصدر کے عبدالباسط نے محکمہ سوئی گیس پر زور دیا ہے کہ وہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں گیس کی مسلسل فراہمی اور پریشر کی بہتری فوری طور پر یقینی بنائے تاکہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس اہم انڈسٹریل ایریا میں نہ صرف گیس کی مسلسل فراہمی بلکہ پریشر بہتر بنانا بھی ضروری ہے کیونکہ کم پریشر کی وجہ سے مشینری چلنے سے قاصر رہتی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ اس وقت جب برآمدی ہدف پورا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، صنعتوں کے لیے گیس کی عدم دستیابی ان میں مزید اضافہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کے کم پریشر کا مطلب گیس کا نہ ہونا ہے کیونکہ شکایات کے مطابق پریشر اس قدر کم ہوجاتا ہے کہ اس کے ذریعے مشینری چلنا ممکن نہیں رہتا۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ گیس صنعتوں کا اہم خام مال ہے جس کے بغیر صنعتی پہیہ رواں رہنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے، رواں مالی سال کے لیے مقررہ محاصل کا بھاری ہدف اسی صورت حاصل ہوسکے گا جب کاروباری برادری برادری اپنا بہترین کردار ادا کرے گی لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ انہیں درپیش مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات سے وابستہ صنعتوں کو گیس اور بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ پیداوار بڑھے اور برآمدات میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مدّمقابل ممالک غلبہ پارہے ہیں ، صورتحال کے پیش نظر ہمیں اپنی برآمدات سے وابستہ صنعتوں کے مسائل جلد از جلد حل کرنا ہونگے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ متعلقہ حکام فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا سمیت تمام صنعتی علاقوں میں گیس کے کم پریشر کا نوٹس لیکر یہ مسئلہ فوری حل کریں گے۔

مزید :

کامرس -