ٹریفک جام کا مسئلہ برقرار ، سڑکوں پر گاڑیو ں کی لمبی قطاریں ، 15بند پھاٹک کھولنے کیلئے کوششیں شروعٍ

ٹریفک جام کا مسئلہ برقرار ، سڑکوں پر گاڑیو ں کی لمبی قطاریں ، 15بند پھاٹک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لا ہور (کرا ئم ر پو رٹر )صوبائی دارالحکومت میں کئی روز گزرنے کے باوجود ٹریفک میں روانی نہیں آ سکی ،دو روز تک لگاتار ہونے والی بارش کے بعد گزشتہ روز مغلپورہ پھاٹک ،ایبٹ روڈ ،شملہ پہاڑی ،مال روڈ ،جیل روڈ اور ملحقہ سڑکوں کے بند ہونے سے ٹریفک بری طرح جام ہو گئی جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ چوک سمیت دیگر علاقوں میں ٹریفک جام ہونے سے میلوں تک گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں ۔ذرائع کے مطابق لاہور میں ٹریفک کا جام ہونا معمول بن گیا ہے ۔ شام کے وقت شہر کی تمام سڑکیں بلخصوص کینال روڈ ،علامہ اقبال روڈ ،گڑھی شاہو ،ریلوے اسٹیشن ،راوی روڈ شاہدرہ ،داتا دربار ،لوئر مال اور فیروز پور روڈ پر ٹریفک کے بہاؤ میں اضافہ ہو جاتا ہے ان علاقوں میں ٹریفک بڑی سست روی کا شکار رہتی ہے ۔حکومت کی جانب سے لاہور میں ٹریفک کے لئے کی جانے والی تمام تدا بیریں ناکام دکھائی دیتی ہیں۔دوسری جانب ریلوے پھاٹک بند ہونے کی وجہ سے مغلپورہ ،چوبچہ پھاٹک ،نیا پل اور دیگر کئی علاقوں میں روزانہ کئی کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام ہونا معمول کی بات ہو چکا ہے ۔سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے ترجمان کے مطابق ریلوے کے 15پھاٹکوں کو جلدی بند اور کھولے جانے کیلئے وفاقی وزارتِ ریلوے سے رابطہ کرلیا گیا ہے جس کے بعد وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ریلوے کے تین رکنی وفدنے ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن(ر)سیّد احمد مبین سے ملاقات کی ۔ملاقات ڈی آئی جی ٹریفک اور ریلوے وفد میں شامل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ روبینہ ناصر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ ملک قمرالحق اور اسٹیشن ماسٹر مغلپورہ محمد اسلم کے درمیان ہوئی ہے اور جلد ہی اس مسئلہ کو حل کر لیا جائے گا۔