قبضہ گروپوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں ، اوقاف کی ایڈ منسٹریٹر کانفرنس طلب

قبضہ گروپوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں ، اوقاف کی ایڈ منسٹریٹر کانفرنس ...

  

 لاہور(محمد نواز سنگرا)محکمہ اوقاف نے مقبوضہ زمینوں کو حتمی شکل دے دی ہے،قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن زیر غور۔ایک ایک مرلہ واگزار کرانے کیلئے فہرستیں زونل ایڈمنسٹریٹرز کے حوالے کی جائیں گی جس کیلئے محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے زمینیں واگزار کرانے کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دینے کیلئے ایڈمنسٹریٹر کانفرنس طلب کر لی۔کانفرنس میں روڈ میٹ پر نظر ثانی کی جائے گی اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کے جلد فیصلوں کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔جس کے بعد لیگل ڈائریکٹوریٹ کو بھی مکمل فعال بنایا جائے گا ۔زونل ایڈمنسٹریٹر کانفرنس کی سربراہی سیکرٹری اوقاف نوازش علی کریں گے جس میں تمام زونوں کے ایڈمنسٹریٹرز شرکت کریں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ اوقاف نے تمام تر ریکارڈ مرتب کر لیا ہے ۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بعض قابضین بااثرافراد ہیں جن کا تعلق سیاسی گھرانوں سے ہے ایسی زمینوں کو بھی واگزار کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ۔دوسری طرف ان پہلوؤں پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ زرعی یا کمرشل زمینوں پر قبضہ کرانے کے پیچھے اوقاف افسران یا ملازمین تو نہیں ہیں اور جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کہیں اگر محکمے کا افسر یا ملاز م ذمہ دار پایا گیا تو اس کو نوکری سے نکالنے سمیت اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اوقاف زعیم حسین قادری زمینوں کو واگزار کرانے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور وہ بااثر قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرانے کیلئے تمام تر آپشنز پر غور کر رہے ہیں ۔جس کے بعد اسٹیٹ ونگ نے کام شروع کر دیا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -