سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا دورہ سروسز،پرچی کاؤنٹرز میں اضافہ کی ہدایت
لاہور(نمائندہ خصوصی)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے سروسز ہسپتال کے نئے آؤٹ ڈور بلاک کا دورہ کیا ۔ ڈاکٹرز،نرسز اور مریضوں کے بیٹھنے ،انتظارگاہ میں انتظامات اور واش روزمز میں صفائی کا جائزہ لیا۔نجم احمد شاہ نے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حامد محمود اور ایم ایس ڈاکٹر صلاح الدین کو ہدایت کی کہ مریضوں کے رش کے اوقات میں او پی ڈی میں پرچی کاؤنٹرز میں اضافہ کیا جائے تاکہ مریضوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور نرسز کے بیٹھنے کے لئے مزید آسائش اور آرام دہ انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔سیکرٹری ہیلتھ نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز سے بھی ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا ۔نجم احمد شاہ نے ڈاکٹرز کو مکمل ٹرے فراہم کرنے کی ہدایت کی جس میں گلوز اور دیگر ڈسپوزایبل اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔نجم احمد شاہ نے آؤٹ ڈور کے واش رومز میں صفائی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے واش رومز میں رکھے گئے لیکویڈ سوپ کی ناقص کوالٹی کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ ٹھیکیدار کو معاہدے کے مطابق اعلی کوالٹی کا لیکویڈ سوپ فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے اور اسے جرمانہ عائد کیا جائے۔انہوں نے OPDکے عقب میں نئی تعمیرہونے والی سڑک کا بھی معائنہ کیا اور روڈ کی تعمیراتی کوالٹی چیک کرانے کی ہدایت کی۔