کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کاکام تیزی سے جاری
لاہور(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ بیدیاں روڈ پر 50 ایکڑ رقبے پر محیط ملک کے پہلے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا تعمیراتی کا کام تیزی سے جاری ہے اور تمام متعلقہ محکموں و اداروں کے تعاون سے اس منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید سہولیات سے آراستہ پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ ہو گا جہاں گردے اور جگر کے مریضوں کے علاج ،پیوند کاری اور بیماریوں پر ریسرچ کی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔انہوں نے یہ بات پی کے ایل آئی سیکرٹریٹ میں 15 ویں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ پی کے ایل آئی ٹرسٹ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر ،لیسکو ،سوئی گیس ، ایل ڈی اے ،واسا ،IDAP اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں نمائندوں نے شرکت کی اور پی کے ایل آئی منصوبے میں اپنے اپنے ذمہ کے کاموں کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نالج پارک شاہد زمان اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد بھی اجلاس میں موجود تھے۔