قانون ناموس رسالتؐ کو غیر موثر کرنیکی سازش ناکام ہو گی،عبدالغفار روپڑی
لاہور(سٹی رپورٹر)جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ کے قانون کو غیر موثر کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،شام میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام اور خونریزی پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان کو بڑھ کر ایک مصالحتی کردار ادا کرنا چاہئے اور شام اور روہنگیا کے مسلمانوں کی خونریزی رکوانے کے لئے تمام اسلامی ممالک کے سربراہوں کا ہنگامی اجلاس طلب کرکے ایک متفقہ ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دینا چاہئے۔
تاکہ بے گناہ مسلمانوں کا خون بہنے سے بچ جائے۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسکے حواری پاکستان میں ناموس رسالت کا قانون اورامتناع قادیانیت آرڈیننس کے ختم کرنے کی شازشوں میں مصروف ہیں ہم نے ماضی میں بھی انکا دفاع کیا اورآئندہ بھی اس کا دفاع کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ قادیانیوں سے ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں آج بھی اگر قادیانی آپ ﷺ کے دامن ختم نبوت سے وابستہ ہو جائیں اور قادیانیت کو ترک کردیں تو مسلمان انکو اپنے سینے پر لٹانے کے لیے تیار ہیں۔