ایل ڈی اے میں اوور سیز پاکستانیوں کیلئے سہولت ڈیسک کا افتتاح
لاہور(اپنے خبر نگار سے) اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین شاہین خالد بٹ نے گزشتہ روز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں بیرو ن ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے قائم کئے جانے والے سہولت ڈیسک کاافتتاح کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد اختر زمان ‘کمشنر او پی سی افضال بھٹی ‘ڈائریکٹر جنرل او پی سی جاوید اقبال بخاری اور ایل ڈی اے افسران بھی موجود تھے ۔ یہ سہولت ڈیسک اوورسیز پاکستانیوں کے ایل ڈ ی اے سے متعلقہ معاملات پر تیزی سے عمل در آمد یقینی بنائے گا۔ وائس چیئر مین او پی سی شاہین خالد بٹ ‘کمشنر افضال بھٹی اور ڈی جی ایل ڈی اے زاہد اختر زمان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بہت تھوڑے عرصے کے لئے ملک آتے ہیں اور یہ سہولت مرکز کم سے کم وقت میں ان کی شکایات کے ازاے کی کوشش کرے گا اور انہیں ان کی جائیدادوں کی خریدو فروخت اور دیگر متعلقہ امور کی اپ ٹو ڈیٹ معلومات فراہم کرے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ڈیسک میں تربیت یافتہ عملہ ‘سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات اور او پی سی کے کمپلینٹ ویب پورٹل تک رسائی فراہم کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سمندر پارمقیم پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور او پی سی اور ایل ڈی اے ان کی شکایات کے جلد از جلد ازالے کے لئے سرگرم عمل ہیں ۔ ڈائریکٹر جنر ل ایل ڈی اے نے او پی سی کے وفد کو سہولت ڈیسک کے طریقہ کار اور یہاں اوورسیز پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے متعلق تفصیل سے آگا ہ کیا ۔