امریکہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتاہے،پروفیسر ساجد میر
لاہور(خبر نگار خصوصی) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کا بھارت کو اپنا حقیقی دوست قرار دینا واضح کرتا ہے کہ امریکہ بھارت کو خطہ کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے۔ دہشت گردی کی جنگ میں فرنٹ لائن اتحادی ہونے کے باوجود امریکہ کا پاکستان پر اعتماد نہ کرنا اور عرب امارات کا ہمارے مقابلہ میں بھارت کو ترجیح دینا ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاامریکہ اقوام عالم میں پاکستان کو تنہا کرنے کی راہ پر چل پڑا ہے۔
امریکی صدر کے دھمکی آمیز لہجے سے پوری دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ چکی ہے۔ سمندر پار حراستی مراکز میں تشدد کی اجازت دینے کا حکم نامہ خطرناک ہے۔ ٹرمپ کو جنگجو بننے کی بجائے مکالمے کی بات کرنی چاہیے۔ ہماری قومی خارجہ پالیسی ملکی سلامتی اور قومی مفادات کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونی چاہیے۔ عرب ممالک ابھی تک سعودی عرب کو لاحق خطرات اوریمن کی جنگ میں پاکستان کی پالیسی پر خوش نہیں ہیں۔