اسلام دشمن قوتیں ہمیشہ مسلمانوں کے باہمی اختلافات سے فائدہ اٹھاتی ہیں : حافظ سعید

اسلام دشمن قوتیں ہمیشہ مسلمانوں کے باہمی اختلافات سے فائدہ اٹھاتی ہیں : حافظ ...

  

لاہور(نمائندہخصوصی)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے سے امریکہ و بھارت کے مفادات کے رشتے گہرے ہو رہے ہیں۔ مسلم ملکوں و اداروں پر پابندیاں لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ یہ اسلام اور کفر کی جنگوں کا دور ہے۔ مسلم حکمران اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں‘باہمی انتشار و افتراق ختم کریں اور بیرونی دباؤ کا شکار ہونے کی بجائے مشترکہ دفاعی پالیسیاں ترتیب دیں۔مظلوم کشمیریوں کے حق میں بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔31جنوری تک ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں ضلع سطح پر آل پارٹیز کانفرنسیں کریں گے۔ یکم سے پانچ فروری تک پورے ملک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسوں ، کانفرنسوں، کشمیرکارواں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔وہ جامع مسجد قباآئی ایٹ مرکز اسلام آباد میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ہزاروں مردوخواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ اد اکی۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ جب سے ٹرمپ صدر منتخب ہوا ہے مسلمانوں پر پابندیاں لگا کر ان کے ویزے ختم کئے جارہے ہیں۔ پہلے سات ملکوں کے شہریوں کے داخلے پر پابندی لگائی گئی اب پاکستان اور سعودی عرب کے شہریوں پر بھی ایسی پابندیاں لگانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ یہ غیر معمولی اور ہنگامی حالات ہیں۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کی سلامتی و استحکام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں ہمیشہ مسلمانوں کے باہمی اختلافات اور انتشار سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ آج بھی جب وہ پاکستان جیسے ملکوں میں پانامہ لیکس اور پارلیمنٹ میں لڑائی جھگڑے دیکھتے ہیں تو انہیں خوشی ہوتی ہے کہ یہ آپس میں الجھے ہوئے ہیں۔

مزید :

علاقائی -