گجرات: خواتین سے بداخلاقی کرنے والا گدی نشین احاطہ عدالت سے گرفتار

گجرات: خواتین سے بداخلاقی کرنے والا گدی نشین احاطہ عدالت سے گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گجرات (بیورورپورٹ) خواتین سے بداخلاقی کرنے والا گجرات کی معروف روحانی شخصیت سائیں کرم الٰہی المعروف سائیں کانوانوالی کا گدی نشین و جعلی پیر سائیں اختر حسین گرفتار، تھانہ سول لائن پولیس نے اسے سیشن کورٹ سے حراست میں لیا۔ ملزم کے خلاف بیوہ خاتون بلقیس بی بی اور اسکی دو بیٹیوں نیلم اور نگہت کے ساتھ مبینہ طور پر بداخلاقی کرنے اور فحش فلم بنانے کا الزام عائد ہے۔ ملزم کی اس سے قبل سیشن اور ہائی کورٹ سے ضمانتیں خارج ہوچکی تھیں اوروہ طویل عرصہ سے روپوش تھا۔ اب دوبارہ ایک سال کے بعد وہ سیشن عدالت سے عبور ی ضمانت کرانے کے چکروں میں تھا کہ مخبری ہونے پر سائیں اختر احاطہ سیشن کورٹ سے تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او نے بمعہ نفری چھاپہ ما رکر گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ گدی نشین بداخلاقی کے مقدمہ میں متعدد بار مختلف عدالتوں سے فرار ہو گیا تھا۔ ملزم مبینہ طور پرخواتین کی فحاشی فلمیں بھی بناتا رہا۔ تھانہ سول لائن پولیس نے سادات کالونی کی رہائشی بیوہ بلقیس بی بی اور اس کی دو بیٹیوں نیلم اور نگہت بی بی کے ساتھ ایک عرصہ قبل مبینہ طورپر بداخلاقی کرنے ، فحاش ویڈیو فلم اور تصویریں بناکر ان کو بلیک میل کرنے اور بعد ازاں اس کے دامادکے ریڑھا کو آگ لگانے پر سائیں کانواں والی سرکار کے سجادہ نشین سائیں اختر حسین ولد سائیں انور سکنہ دربار کانواں والی سرکار کے خلاف حدود آرڈینس اور ریڑھا جلانے پر 436 ت پ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ بیوہ خاتون بلقیس بی بی نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ اسکا داماد محمد عنصر ریڑھاپر سبزی فروخت کرتا تھا بعدازاں وہ سائیں اختر کے مال مویشیوں کی بھی دیکھ بھال کرتا تھا اس دوران سائیں اختر کا بلقیس بی بی کے گھر آنا جانا شروع ہو گیا اور سائیں اختر بیوہ بلقیس بی بی اور اس کی دو بیٹیوں نیلم اور نگہت کے ساتھ ایک ماہ تک بداخلاقی کرتا رہا اور ان کی ویڈیو اور تصویریں بھی بنائیں اور ان کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا ۔جب سائیں اختر نے اس کی لڑکی کو گھر بلایا تو انکاری پر ا س کے خاوند کا ریڑھا بھی جلادیا اور گھناؤنا راز فاش ہونے پر سائیں سرکار روپوش ہو گئے۔ بلقیس بی بی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سائیں سرکار نے اس کے اور اس کی لڑکیوں کے علاوہ کئی عورتوں کے ساتھ اس قسم کی گھناؤنی حرکات کر چکا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ گدی نشین سائیں اختر حسین پر قتل کا مقدمہ بھی چل رہا ہے جبکہ دربار اور اس کے گردونواح میں منشیات کے دھندے میں ملوث افراد کی پشت پناہی بھی گدی نشین سائیں اختر کرتاہے۔ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس قدر معروف روحانی شخصیت کے دربار پر اس قسم کی شخصیت کا گدی نشین بننا پڑا سوالیہ نشان ہے ایسے عناصر کا قلع قمع ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ سول لائن نے بتایا کہ ملزم کے خلاف تفتیش جاری ہے اور اس میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔

مزید :

علاقائی -