مبینہ طور پر پیسے لے کرملزموں کوچھوڑنے کی درخواست پر آج جواب طلب
لاہور(نامہ نگار)باغبانپورہ پولیس کاآصف کالونی میں ربڑکی فیکٹری پر چھاپے کے دوران پکڑنے جانے والے 11افراد کو حراست میں لینے کے بع مبینہ طور پر پیسے لے کرچھوڑنے کی درخواست پرفاضل جج نے آج28جنوری کو پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج اعجازاحمدبوسال کی عدالت میں باغبانپورہ آصف کالونی کی فیکٹری کے مالک شہزاداحمد،محمد آصف سمیت 11ملازمین نے باغبانپورہ پولیس کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ فیکٹری میں کام کررہے تھے کہ پولیس اہلکارسادہ لباس میں فیکٹری میں داخل ہوئے ان پر تشدد شروع کردیا۔انہوں نے کہاکہ تھانے لے جاکران سے مبینہ طور پر 5،5ہزارروپے لے کر چھوڑدیاگیا جبکہ ایک شخص رقم نہ دے سکا جس پرمنشیات کاکیس ڈال دیا گیا۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔عدالت میں بابرعلی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ڈی آئی جی نے ایس ایچ او باغبانپورہ یاسرعباس کومعطل کررکھا ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ ایس ایچ او یاسر عباس،اے ایس آئی شفقت اورچارکانسٹیبلوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیاجائے جس پر عدالت نے پولیس رپورٹ طلب کرلی ہے۔