سات ملزمان بری
لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر روڈ بلاک کے مقدمات میں سات ملزموں کو بری کر دیاہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمرجاوید ورک کے روبرو پولیس نے ملزم نصر اللہ بٹ، ذوالفقار علی، نعیم قریشی، شہزاد علی، عبدالوحید اور نعیم احمد کے خلاف مقدمات کے چالان پیش کئے تھے۔
، پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں نے داتا دربار، لوہاری گیٹ اور مصطفی ٰآباد کے علاقوں میں ناجائز تجاوزات بنا کر اور گاڑیاں کھڑی کر کے شہریوں کے لئے راستہ بند کر رکھا تھا، ملزموں کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن چکا تھا ،تمام ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، ملزموں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے کارکردگی دکھانے کے لئے ملزموں کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے پاس ملزموں کے خلاف روڈ بلاک کرنے کے کوئی ٹھوس شواہد بھی موجود نہیں ،ملزموں کو بری کیا جائے، عدالت نے دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد ناکافی شواہد کی بنیاد پر روڈ بلاک کے مقدمات میں ملوث سات ملزموں کو بری کر دیاہے۔