اسلام دشمنوں کے مقابلہ کیلئے مضبوط قوت ایمانی کی ضرورت ہے، عارف واحدی

اسلام دشمنوں کے مقابلہ کیلئے مضبوط قوت ایمانی کی ضرورت ہے، عارف واحدی

  

لاہور(خبر نگار خصوصی) اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹر ی جنرل علامہ عارف حسین واحدی اور صوبائی صدرپنجاب علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ اسلام دشمن سامراجی طاقتوں کی عالم اسلام کے خلاف سازشوں کے مقابلے کے لئے مضبوط قوت ایمانی،استقامت اور اتحاد امت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جس کے لئے قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں قومی پلیٹ فارم نے قربانیاں دیں مشکلات اور مصائب برداشت کئے مگر جذبہ ایمانی اور استقامت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے۔وہ اسلامک ایمپلائز ویلفیئر آرگنائزیشن کی تربیتی نشست سے خطاب کررہے تھے۔ علامہ عارف واحدی نے سورہ حم سجدہ کی آیت نمبر 30 کو عنوان کلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بندہ اپنے رب پر ایمان لے آئے، اس پر ڈٹ جائے اور استقامت دکھائے تو اللہ تعالی اس بندے پر اپنے ملائکہ نازل کر کے نہ ڈرنے کی ہدایت کرتا اور جنت کی بشارت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مومن جتنا زیادہ صفات ایمانی سے متصف ہو گا، اتنا ہی زیادہ اس میں جذبہ استقامت موجودہو گا۔ آیت تطہیر کے مصداق اہل بیت کی قوت ایمانی اور استقامت و بہادری امت مسلمہ کے لئے نمونہ عمل ہے۔ صحابہ کرام کی قربانیاں بھی جذبہ ایمانی کا نتیجہ تھیں،مشکلات جھیلیں،مصیبتیں برداشت کیں مگر قوت ایمانی سے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا۔علامہ عارف واحدی نے کہا کہ تاریخ اسلام میں بڑی شخصیات ملتی ہیں ،جنھوں نے حق کی سربلندی کے لئے جرات و شجاعت کی ،وہ لازوال داستانیں رقم کیں جوہمارے لئے نمونہ عمل ہیں۔ آج کے دور میں بھی امام خمینی ،شہید باقر الصدر،مولانا مودودی،علامہ اقبال،قائد اعظم محمد علی جناح،علامہ شہید عارف حسین الحسینی اور ان جیسی ہستیاں پوری دنیاء اسلام میں ملیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دین مبین اسلام نے جو تعلیم و تربیت کا اعلی نظام دیا ہے، اس کو اپناتے ہوئے ہم اپنی اور آنے والی نسلوں کی اچھی تربیت کر سکتے ہیں،سامراجی اور اسلام دشمن طاقتیں ہر قدم پر امت مسلمہ کو کمزور کرنے کے لئے سازشیں کر رہی ہیں۔ان کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں مضبوط قوت ایمانی،استقامت اور اتحاد امت کے ساتھ آگے جرات سے بڑھنا ہو گا۔علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اتحادمت کے ایجنڈے کو ایسا فروغ دیا، تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم سے جدوجہد نے ثابت کیا ہے کہ صبر واستقامت پر کاربند رہنے والے ہی سرخرو ہوتے ہیں۔ ہمیں قیادت کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں۔ جس کے لئے قومی تنظیمی پلیٹ فارم اور قائد ملت کا پیغام ہر گھر میں پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -