ہماری نجات اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے،ریاض شاہ

ہماری نجات اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے،ریاض شاہ

  

لاہور(خبر نگار خصوصی)جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیرسید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہماری نجات اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے۔ معیاری انسان بننے کیلئے اسلامی آدابِ زندگی اپنانا ضروری ہے۔ تقویٰ اورپرہیز گاری مسلمانوں کے بنیادی شعار ہیں۔ قر آنی ہدایات پر عمل کرکے ہی بندہء مومن ایمان کامل کی دولت پا سکتا ہے۔ اللہ کے آخری رسول کا اسوہ حسنہ ہمارے لئے بہترین رہنمائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق مسجد ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ ذکر الٰہی حصول معرفت کا ذریعہ ہے۔ استغفار اور یاد الٰہی سے دلوں کا زنگ دور ہو تا ہے۔ اسلام نے حسن اخلاق پر زوردیا ہے۔ والدین کے ساتھ بد سلوکی گناہ کبیرہ ہے۔ بابرکت اور پاکیزہ زندگی کیلئے سچائی کو اپنانا اور جھوٹ سے اجتناب ضروری ہے۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ حکومت شراب کی خریداری اور خریدو فروخت پر پابندی عائد کرے۔ سودی نظام کی وجہ سے معاشرے میں بے برکتی پھیلی ہو ئی ہے۔ مصطفائی معاشرے کے قیام کیلئے علماء اپنا کردار ادا کریں۔ نظام مصطفی کا نفاذ ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔ یہود و ہنود اسلام دشمنی میں متحد ہو چکے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -