حکومتی وزراء کی بد زبانی سے اشتعال پھیل رہا ہے،حامد رضا

حکومتی وزراء کی بد زبانی سے اشتعال پھیل رہا ہے،حامد رضا

  

لاہور(خبر نگار خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کی بد زبانی سے اشتعال پھیل رہا ہے۔ قومی اسمبلی میں ممبران اسمبلی کے غیر مہذب رویے سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں ہونیوالی دھینگا مشتی کے ذمہ دار حکومتی درباری ہیں۔ ٹرمپ کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ امریکی صدر نفرت کا نہیں امن کا پرچم بلند کرے۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔ حق خو د ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندو پنڈتوں کو آباد کرکے مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنا چاہتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ فروری کو یوم کشمیر منانے کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہ کرے۔ پاکستانی حکمرانوں نے کشمیریوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔ فضل الرحمن نے کشمیر کمیٹی کو مردہ گھوڑا بنا دیا ہے۔ کشمیر کمیٹی کو فعال کرنے کیلئے اس کی قیادت تبدیل کی جائے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کالعدم تنظیموں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ فرقہ پرست دہشتگردوں کیلئے وزیر داخلہ کا نرم گوشہ قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ پنجاب کابینہ میں کالعدم جماعتوں کے ہمدرد بیٹھے ہوئے ہیں اس لئے پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن نہیں ہوا۔ حکومت اپنی غفلت کی وجہ سے ضربِ عضب میں پاک فوج کی قربانیاں ضائع کررہی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -