بے بنیادالزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ، پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی : شہباز شریف

بے بنیادالزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ، پاکستان بدل رہا ...

  

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بے بنیادالزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے کہ انہوں نے ملک و قوم کی کیا خدمت کی ہے۔ ان سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے پہلے بھی عام آدمی کے خوشحالی کے پروگرام میں رکاوٹ ڈالی ہے ۔ پاکستان کے باشعور عوام بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں اور عوام جان چکے ہیں کہ یہ شکست خوردہ عناصر پاکستان کی تیز رفتار ترقی سے خائف ہیں اور ان عناصر کو خوف ہے کہ شفاف ترین منصوبے مکمل ہونے سے ان کی رہی سہی سیاست بھی دفن ہو جائے گی۔ سینیٹر عطاء الرحمن کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کر تے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ شفافیت اور خدمت کی سیاست نے ہمیشہ بہتان طرازی اور منفی سیاست کو شکست دی ہے اور یہ عناصر پہلے بھی ناکام رہے ، آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا پاکستان بعض سیاسی عناصر کو کھٹک رہا ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ساڑھے تین برس کے دوران شفافیت اور ترقی کے نئے مینار قائم کئے گئے ہیں اور 70 برس کے دوران منصوبوں پر اتنی تیز رفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی۔پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے اور ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے اٹھ رہا ہے۔شکست خوردہ عناصر کو ملک و قوم کے مفاد کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ بعدازاں لاہور نالج پارک کے منصوبے کے امور سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ نوجوان روشن پاکستان کی امید ہیں اورنوجوانو ں کو زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر نوجوانوں کو جدید علوم سے روشناس کرانے کیلئے لاہور نالج پارک کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور نالج پارک میں پنجاب حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا کیمپس بنا رہی ہے جس کی تعمیر کیلئے اراضی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے حوالے کردی گئی ہے اورانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا منصوبہ 2018 کے آغاز میں مکمل ہو جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور نالج پارک کے منصوبے پر انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے کام کرنے کی ضرورت ہے لہذانالج پارک کے منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے جدت اور انفرادیت کے ساتھ فوری اقدامات کئے جائیں۔پنجاب حکومت اس اہم منصوبے کیلئے ہرطرح کے وسائل فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو آئندہ چند روز کے اندر منصوبے کو آگے بڑھانے کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

شہبازشریف

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے چین کے نئے روایتی سال کی آمد پر چین کے صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی چیانگ اور عوام کو مبارکباددی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ،لاہور میں تعینات چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن اور پاکستان اور پنجاب کے مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز، ٹیکنیشنز اور ورکرز کو بھی نئے سال کی مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ خوشی کے تہوار پر ہزاروں چینی انجینئرز ، ٹیکنیشنزاورورکرز اپنے خاندانوں سے دور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں اور پنجاب اورپاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز اور ورکرز کا جذبہ قابل تعریف ہے۔ پاکستان میں جاری ان منصوبوں کی تکمیل سے معیشت مضبوط ہو گی ، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ پاکستان میں ان چینی انجینئر ز اور ورکرز کا کام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان چینی انجینئرز اور ورکرز نے خوشی کے اس موقع پر اپنے خاندانوں سے دو ررہ کر محبت،محنت اورایثار کاایسا پیغام دیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے اوران چینی انجینئر ز کے نزدیک اپنی خوشیوں سے زیادہ وہ کام اہم ہے جو پاکستان میں سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میں غربت ،بے روزگاری اورناانصافی کیخلاف اخلاص کیساتھ جدوجہد کی ہے اور چینی قیادت کی شبانہ روز محنت کی بدولت چین دنیا کی ایک بڑی معاشی قوت بن چکا ہے۔چین پاکستان کا ایسا بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایاہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔ پاکستان میں چین کے تعاون سے سی پیک کے منصوبوں سے ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کی ٹھوس بنیاد رکھی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں منصوبوں پر جس تیز رفتاری سے اب کام ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔پاکستان اورچین کی دوستی لازوال ہے اور ہرگزرتے لمحے دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہورہا ہے۔ پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے۔

وزیراعلیٰ/مبارکباد

مزید :

صفحہ اول -