موبائل فونز سے ایوان کی کارروائی کی فوٹیج بنانے پر پابندی

موبائل فونز سے ایوان کی کارروائی کی فوٹیج بنانے پر پابندی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے موبائل فونز سے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کی فوٹیج بنانے پر پابندی عائد کردی۔ جمعہ کو اس بارے میں انہوں نے باضابطہ طور پر انتباہ جاری کردیا ہے۔ انہوں نے پریس گیلری سے گزشتہ روز ایک خاتون رپورٹر کی جانب سے ایوان میں براہ راست اس ناخوشگوار واقعہ کی فوٹیج بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور صحافتی تنظیموں کو از خود اس حوالے سے کاروائی کرنے کے بارے میں کہا ہے۔ جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کے دوران سپیکر نے کہا کہ وہ آج سے پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت میں موبائل فون سے فوٹیج بنانے پر پابندی عائد کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ میڈیا اس حوالے سے تعاون کرے گا انہوں نے کہا کہ پریس گیلری میں کسی بھی قسم کا کیمرہ نہیں آسکتا اس حوالے سے وہ نہ موجود ہیں تاہم اسی گیلری سے ایک خاتون گزشتہ روز واقعہ کی موبائل فون سے فوٹیج بناتی رہی پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کو از خود اس کا نوٹس لیتے ہوئے ایسے رپورٹرز کے پارلیمنٹ میں داخلے پر پابندی عائد کرنی چاہئے۔