تمام زرعی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا ،مظفر سید ایڈوکیٹ

تمام زرعی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا ،مظفر سید ایڈوکیٹ

  

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان مردم خیز خطہ ہے جہاں کے لوگ جفاکش و مہمان نواز جبکہ زمین زرعی اور معدنی خزانوں سے مالا مال ہے۔صوبائی حکومت نے یہاں کی افرادی قوت اور قدرتی دولت کو وسیع تر عوامی مفا د میں بروئے کار لانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے حالیہ سی پیک معاہدوں کے تحت ڈیرہ کی مختلف اقسام کی کھجوروں اور دیگر زرعی معدنی پیداوار کی ترقی و مارکیٹنگ پر بھی توجہ دی جائے گی۔ وہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے دوران سرکٹ ہاؤس ڈیرہ میں سابق ایم پی اے و تحصیل ناظم دراین سردار فتح اللہ میانخیل کی زیر قیادت وفد سے بات چیت کررہے تھے۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیر زادہد محب اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ چشمہ رائٹ بنک کنال اور اس سے وابستہ تمام زرعی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ یہاں کی سونا اگلتی اراضی کی پیداواری گنائش میں مزید اضافہ ہو انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی اور صنعتی منصوبوں میں ڈیرہ سمیت تمام جنوبی اضلاع کو سرفہرست رکھا گیا ہے کیونکہ مستقبل میں پاک چین اقتصادی راہدراری کے مغربی روٹ سے گزرنے والے تجارتی قافلوں کو یہاں تمام ضروری سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ کی زرعی و معدنی پیداوار اور دستکاری سمیت تمام مصنوعات کو قومی سطح پر متعارف کرایاجائے گا اور ان کی مارکیٹنگ کے لئے مناسب انتظامات کئے جائیں گے اسی طرح یہاں کی افرادی قوت کے لئے مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم و تربیت کا بھی انتظام کیا جائے گا جس کے لئے جامع پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ نے وفد کی طرف سے پیش کردہ مسائل کے مناسب ازالے کا یقین دلایا جبکہ کئی عوامی شکایات پر موقع پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -