کراچی میں امن کا قیام نواز شریف کا بڑا کارنامہ ہے،سینیٹر نہال ہاشمی

کراچی میں امن کا قیام نواز شریف کا بڑا کارنامہ ہے،سینیٹر نہال ہاشمی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کا قیام وفاقی حکومت خصوصاً وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا بڑا کارنامہ ہے ۔ شہر قائد میں بحالی امن کے لیے سکیورٹی اداروں نے بحالی امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) نے کراچی کو امن دیا ہے ۔ اب کراچی کی ترقی پر توجہ بھی (ن) کی وفاقی حکومت دے رہی ہے ۔ ہم نفرت نہیں محبتوں کو بانٹیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) نے سندھ بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے ، جس کے تحت کراچی سمیت صوبے بھر میں ریلیاں ، ورکرز کنونشن اور جلسے منعقد کیے جائیں گے ۔ کراچی میں آج ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کے تحت شکریہ نواز شریف ریلی نارتھ کراچی سے لسبیلہ چوک تک نکالی جائے گی اور جلد شہر قائد میں بڑا عوامی جلسہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے تحت شکریہ نواز شریف ریلی کے حوالے سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسد عثمانی ضلع وسطی کے صدر نثار شاہ اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور اسٹیک ہولڈر کا دعویٰ کرنے والی جماعت نے کراچی کو نظرانداز کر دیا ہے ۔ کراچی آج مسائل کا گڑ بن گیا ہے ۔ اسی لیے اب کراچی کی ترقی کا بیڑا مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے اٹھا لیا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی کاوشوں سے آج کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ٹرانسپورٹ حل ہونے جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے کراچی کے عوام کو گرین لائن بس منصوبے کا تحفہ دیا ہے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے 70 فیصد مسائل حل ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں اور مل کر اس شہر کی ترقی کے لیے کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کراچی میں محبت اور امن کو عام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل پر سیاست نہیں کرتے ۔ ہم پارکوں کو آباد کرنے سڑکوں کی تعمیر اور عوام کے مسائل کے حل کی بات کرتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان تعمیری نہیں تخریبی سوچ رکھتے ہیں ۔ بس انہیں ایک ہی خواب نظر آتا ہے کہ وہ وزیر اعظم بن جائیں لیکن میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وہ 2018 میں بھی وزیر اعظم نہیں بنیں گے ۔ انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان افرا تفری کی سیاست چھوڑو اور ملک کی ترقی کی بات کرو ۔ سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جلد کراچی میں ایک عوامی جلسہ منعقد کرے گی اور آئندہ انتخابات میں کراچی سمیت سندھ بھر میں مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -