صوبائی ترقیاتی ورکنگ اجلاس،37 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

صوبائی ترقیاتی ورکنگ اجلاس،37 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP)نے 33899.068ملین روپے لاگت کے 37پراجیکٹس کی منظوری دے دی جس کا اجلاس جمعہ کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیکرٹری محکمہ منصوبہ سازی و ترقی شہاب علی شاہ،اس کے ممبران اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں صوبے کی ترقی کے لئے ابتدائی و ثانوی تعلیم،اعلیٰ تعلیم،کھیل و سیاحت،توانائی و برقیات،پانی،صحت،کثیر شعبہ جاتی ترقی،بلدیات،سڑکوں ،ڈی ڈبلیو ایس ایس،شہری ترقی،زراعت،جنگلات اور داخلہ کے شعبوں سے متعلق 50پراجیکٹس پر غور و خوض کیا گیا جبکہ اس موقع پر دو منصوبوں کو ختم اور گیارہ پراجیکٹس کو غیر موزوں ہونے کے باعث موخر کر کے بہتری اور درستگی کے لئے متعلقہ محکموں کو واپس بھیج دیا گیا۔اس موقع پر محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے منظور شدہ منصوبوں میں ای اینڈ ایس ای ڈیپارٹمنٹ میں انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹس (IMU)کا قیام ،رہائشی ہاسٹل ،گرلز پرائمری سکول کم سیکنڈری ماڈل سکول مردان کا قیام،خیبر پختونخوا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ؍کمپیوٹر سائنس اساتذہ اور کمپیوٹر لیب پراجیکٹس جبکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں صرف ایک پراجیکٹ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ترخہ ضلع نوشہرہ کا قیام شامل ہے۔اسی طرح کھیل و سیاحت کے شعبے میں ضلع نوشہرہ میں کثیر المقاصد عالمی معیار کے انڈور جمنازیم کا قیام،سوات میں سپورٹس کمپلیکس کا قیام،سیاحتی پالیسی،نئے اقدامات اور توانائی و برقیات کے شعبے میں ایس ڈی ایف کی امداد سے ریشون پن بجلی پراجیکٹ کی بحالی ،دریاؤں اور معاون نہروں پر ایم ایچ پی کی تعمیر،ایشیائی ترقیاتی بنک اور ایچ ڈی ایف کی امداد سے نہروں پر ایم ایچ پی کی تعمیر ۔ایشیائی ترقیاتی بنک کے کلین انرجی پروگرام کے تحت بنیادی مراکز صحت اور سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پراجیکٹس کی منظوریاں دی گئیں۔پانی کے شعبے میں ضلع نوشہرہ میں سیلاب سے بچاؤ کے کاموں اور نالوں اور خوڑ پر پلوں کی تعمیر،ضلع چارسدہ میں آر ڈی اور مچنی شب قدر برانچوں اور دوآبہ نہر کو بہتر بنانے ،پشاور شہر سے گزرنے والی نہروں پر حفاظتی دیوار،ریلنگ اور فینسنگ کے منصوبوں کی منظوریاں دی گئیں۔صحت کے شعبے میں پرانے ڈسٹرکٹ ہسپتال صوابی،سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مکمل شدہ تمام سکیموں کے لئے آلات کی خریداری اور خیبر پختونخوا میں تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سہولیات کے معیاری بنانے کے پراجیکٹس کی منظوریاں دی گئیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -