ایجوکیشن ایمپلائز فاؤنڈیشن دفتر کی منتقلی روک دی جائے ،الماس خان

ایجوکیشن ایمپلائز فاؤنڈیشن دفتر کی منتقلی روک دی جائے ،الماس خان

  

پشاور(سٹاف رپورٹر ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) محکمہ تعلیم کے صدر الماس خان اور سکولز آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر ریاض بہار نے ایک مشترکہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ایجوکیشن ایمپلائیز فاؤنڈیشن کے دفتر کوناقابل رسائی مقام پر منتقل کرنے سے فی الفور روک دیا جائے کیونکہ اس سے ملازمین محکمہ تعلیم کے مسائل میں اضافہ ہو جائے گا اوران کی دفتر تک رسائی ناممکن ہو جائے گی۔ انہوں نے محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کے دفتر سے جاری ہونے والی نوٹیفیکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نوٹیفیکیشن کے ذریعے ای ای ایف کا دفتر گورنمنٹ کالج پشاور سے ڈائریکٹوریٹ جنرل (کامرس اینڈ منیجمنٹ سائنسز )آفس بلڈنگ منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جوکہ پشاور شہر سے بہت باہر اور دور ایک دیہات میں واقع ہے ۔ مگر اس سلسلے میں بورڈ گورنرز ای ای ایف کی رائے نہیں لی گئی ہے جس میں محکمہ تعلیم کے تمام پانچ ڈائریکٹرز صاحبان اور تمام یونینز کے نمائندے اراکین میں شامل ہیں ۔ بورڈ آف گورنرز نے بھی کئی مرتبہ مختلف مجالس میں کمیٹیاں بناکر ای ای ایف کو اپنے دفتر کیلئے موزوں تعمیر شدہ عمارت یا کچھ اراضی خرید کر اُس پر اپنا دفتر تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی ہے لیکن اس پر کسی قسم کا عمل درآمد نہیں ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ ای ای ایف میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں بوڑھے ریٹائرڈ ملازمین، بیواؤں، بچوں اور کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلاء ملازمینِ محکمہ تعلیم کا ایک فلاحی اورپبلک دفتر ہونے کے ناطے آناجا نا لگا رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ ایجوکیشن ایمپلائیز فاؤنڈیشن (ای ای ایف) خیبرپختونخوا ایک فلاحی ادارہ ہے لہٰذا اس کا دفتر بھی قابل رسائی مقام پر ہونا نہایت ضروری ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل (کامرس اینڈ منیجمنٹ سائنسز )آفس بلڈنگ شہر سے بہت دور ایک دیہات میں واقع ہے جوکہ ملازمین محکمہ تعلیم کیلئے ناقابل رسائی ہے جس کی وجہ سے ملازمین محکمہ تعلیم میں سخت تشویش کی لہر دوڑی ہے اور وہ ای ای ایف کی منتقلی کو شہر سے باہر روکنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ایک خط کے ذریعے ملازمین کی تشویش سے آگاہ کیا ہے اور تجویز دی ہے کہ ای ای ایف کے دفتر کو فی الحال گورنمنٹ کالج پشاورمیں ہی رہنے دیا جائے اوراس بابت جاری شدہ نوٹیفیکیشن پر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نظر ثانی کرکے ایجوکیشن ایمپلائیز فاؤنڈیشن (ای ای ایف) خیبرپختونخوا کے دفتر کو ناقابل رسائی مقام ڈائریکٹوریٹ جنرل (کامرس اینڈ منیجمنٹ سائنسز )آفس بلڈنگ منتقل ہونے سے روک دیا جائے اور فی الوقت گورنمنٹ کالج پشاور کے اندر ہی رہنے دیا جائے ۔ مزید برآں ای ای ایف بورڈ آف گورنرز کا ہنگامی اجلاس طلب کرکے ای ای ایف کے دفتر کیلئے پشاور شہر کے اندر ہی کرائے کی عمارت لیکر اس کے بعد بنولنٹ فنڈ کے طرز پر اپنی عمارت تعمیرکرنے کا فیصلہ کیا جائے اور اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر ملازمین محکمہ تعلیم کے بہترین مفاد میں حل کیا جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -