تعلیمی میدان میں کامیابیوں کے حصول کیلئے منصوبہ بندی ناگزیر ہے ،ڈاکٹر امجد

تعلیمی میدان میں کامیابیوں کے حصول کیلئے منصوبہ بندی ناگزیر ہے ،ڈاکٹر امجد

  

پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ تعلیم کے میدان میں کامیابیوں کے حصول کی خاطر مالی وسائل کے علاوہ عمدہ حکمت عملی اور بہتر منصوبہ بندی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں لہذ ا جدید دور کے تقاضوں سے نبرد ازما ہونے کیلئے ہمیں ان اسلوب کو اختیار کرنا ہو گاتاکہ تعلیمی اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے یہ بات گورنمنٹ پرائمری سکول پاچا کلے ٹال سوات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس پر ایک کروڑ 20لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔تقریب میں عمائدین علاقہ کے علاوہ تعلیم، مواصلات و تعمیرات سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔معاون خصوصی نے خطاب کے دوران کہا کہ موجود ہ حکومت کے اقتدار میں آتے ہی صوبے میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا جبکہ عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی کی خاطر بلاتفریق ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں تعلیم ،صحت اور پینے کا صاف پانی اولین حیثیت کے حامل ہیں اور سابقہ حکومتوں کے برعکس موجودہ حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہوئے ان امور کو انجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوات صوبے کا ایک انتہائی پسماندہ ضلع ہے جس کے مسائل بے شمار ہیں تاہم حکومت ان مسائل سے آگا ہ ہے لہذا تعلیم اور صحت کے شعبوں سمیت عوام کو دیگر بنیادی سہولیات زندگی کی فراہمی بدرجہ اتم یقینی بنائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوات میں تعلیمی اداروں کے قیام سے بتدریج شرح خواندگی میں اضافہ ہو اہے لہذا اس میں مزید اضافہ حکومت کے پیش نظر ہے تاکہ تعلیم سے متعلق حکومتی پالیسی کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ڈاکٹر امجد علی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ آنے والے دنوں میں ان کے مسائل میں یقینی طور پر کمی واقع ہو گی اور یہاں پر ایک واضح تبدیلی دکھائی دے گی۔قبل ازیں ڈاکٹر امجد علی نے تختی کی نقاب کشائی کرکے گورنمنٹ پرائمری سکول کا افتتاح کیا۔تقریب سے عمائدین علاقہ نے اپنے خطاب میں حکومت کے ترقیاتی کوموں کو بے حد سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ حکومت دیگر ترقیاتی کاموں کو بھی معینہ وقت کے اند ر مکمل کرے گی جس کیلئے ان کی جانب سے حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -