کویت میں 56 خواتین اور بچوں کو جلا کر مار ڈالنے والی قاتلہ کو سزائے موت دیدی گئی
کویت سٹی (اے پی پی) کویت میں شوہر اور نندوں سے انتقام کی خاطر 56 خواتین اور بچوں کو جلانے والی قاتل خاتون کو سزائے موت دے دی گئی۔کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویتی خاتون شہری نصرہ یوسف محمد العنزی کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔ نصرہ نے 2009 ء میں دانستہ طور پر قتل کے جرم کا ارتکاب کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق نصرہ کے شوہر نے دوسری شادی کرنے کا مژدہ سنایا جس پر نصرہ غیرت اور غصے مغلوب ہو گئی اور اس نے اپنے شوہر اور سوکن سے انتقام لینے کا فیصلہ کر لیا۔نصرہ نے اپنے شوہر کی شادی کے روز تقریب کے لیے نصب کیے جانے والے شامیانے میں پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں شامیانے کے اندر موجود 56 خواتین اور بچے جل کر موت کی نیند سو گئے۔ خاتون مجرم نے عدالت کے سامنے اقرار کیا تھا کہ اس فعل کے پیچھے شوہر سے انتقام کا جذبہ کار فرما تھا اوراس کی نندوں نے انہیں خاندان کے گھر سے نکال باہر کیا۔ لہذا نصرہ نے اپنے شوہر اور اس کی بہنوں سے انتقام کی آگ میں جل کر اس بھیانک جرم کا ارتکاب کیا۔