صدر ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلم ممالک کے شہریوں پر پابندی کے بعد گوگل نے بیرون ملک سفر پر تمام عملے کو واپس بلا لیا

صدر ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلم ممالک کے شہریوں پر پابندی کے بعد گوگل نے بیرون ملک ...
صدر ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلم ممالک کے شہریوں پر پابندی کے بعد گوگل نے بیرون ملک سفر پر تمام عملے کو واپس بلا لیا

  

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر ٹرمپ کی جانب سے سات مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ داخلے پر پابندی کے بعد ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے بیرون ملک سفر پر تمام عملے کو واپس بلا لیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات کے تحت ایران اور عراق سمیت چھ ممالک کے باشندوں کو اگلے تین ماہ تک ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے، شام سے آنے والے پناہ گزینوں پر تاحکمِ ثانی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کا مقصد 'انتہا پسند مسلمان دہشت گردوں' کا امریکہ میں داخلہ روکنا ہے۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے ایک طویل پیغام میں لکھا ہے کہ وہ صدر کے اس حکم نامے پر کافی ’پریشان‘ ہیں کیونکہ وہ بھی کئی دوسرے امریکیوں کی طرح پناہ گزینوں ہی کی اولاد ہیں۔

گوگل حکام کا کہنا ہے کہ ایسے کسی بھی حکم یا اقدام پر تشویش ہے جس کی وجہ سے باصلاحیت افراد امریکہ نہیں آسکیں گے،ان نئی پابندیوں سے وہ ٹیکنالوجی کمپنیاں بہت متاثر ہوں گی جو خصوصی ’ایچ ون - بی‘ ویزے پر بیرون ملک سے ہنرمند افراد کو بلاتی ہیں۔

امریکہ میں مقیم ایک عراقی صحافی نے فیس بک پر لکھا ہے کہ ان کے والد کو قطر سے لاس اینجلس آنے والی پرواز پر سوار نہیں ہونے دیا گیا۔

امریکین اسلامک ریلیشن کونسل کا کہنا ہے کہ وہ اس ایگزیکٹو آرڈر کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

واضح رہے امریکی صدر نے 7اسلامی ممالک سے پناہ گزینوں کے داخلے پر پاپندی عائد کردی ہے،حکمنامے پر بھی دستخط کردیے ہیں۔

مزید :

سائنس اور ٹیکنالوجی -