سعد رفیق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں میں سے ایک ، پھانسی کا پھندہ اپنی طرف بڑھتا دیکھ کر بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں:خرم نواز گنڈا پور

سعد رفیق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں میں سے ایک ، پھانسی کا پھندہ اپنی طرف ...
سعد رفیق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں میں سے ایک ، پھانسی کا پھندہ اپنی طرف بڑھتا دیکھ کر بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں:خرم نواز گنڈا پور

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں میں سے ایک ہیں، انہیں معلوم ہے کہ پھانسی کا پھندہ تیزی سے ان کی طرف بڑھ رہا ہے اسی لئے حواس باختہ ہو کر بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں،ہمیں جنونی کہنے والا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمے سے اپنی جان چھڑانے کے لئے انہی جنونیوں کے پاؤں پکڑتا ہے، قرآن پاک اٹھا کر اپنی صفائیاں پیش کرتا ہے اور اپنے لئے معافیاں مانگتا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ سعد رفیق کے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے کئے جانے والے خطاب کے رد عمل میں خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے آج اپنی بازاری گفتگو سے اپنے شہید والد کا نام بھی مٹی میں ملا دیا ہے، کرپٹ حکمران اور ان کے نا اہل وزراء ہوش و حواس کھو چکے ہیں،  کرپشن، نا اہلیت اور جرائم چھپانے کے لئے ایسی زبان استعمال کر کے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں، میاں برادران کی ہٹ دھرمی، حقائق سے چشم پوشی اور نادان وزیروں نے ان کو بند گلی میں لا کھڑا کر دیا ہے، حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول چکے ہیں،  جبر و تشدد کرنے والے حکمرانوں کو اب بھاگنے کے لئے کوئی راستہ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور عوام کے ہاتھ ان کے گریبانوں تک پہنچنے والے ہیں، حکمرانوں کی بد حواسیوں سے نظر آ رہا ہے کہ یہ خود کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ، دھرنوں اور قصاص تحریک نے پاکستانی عوام کے سیاسی شعور کو اس قدر بیدار کر دیا ہے کہ اب یہ جرات مند قوم ان سیاسی

نو سر بازوں سے دوبارہ دھوکہ نہیں کھائے گی۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ جعلی ووٹوں سے اقتدار میں آنے والے چند لوگوں نے ملک کے کروڑوں عوام کو اپنا غلام سمجھ رکھا ہے، جمہوریت فقط پارلیمنٹ تک محدود ہے، ملک کے کسی کونے میں جمہوریت، آئین اور انصاف میسر نہیں، عوام پوچھتے ہیں کہاں ہے انصاف؟ کہاں ہے جمہوریت؟ کہاں ہے قانون؟سپریم کورٹ، پارلیمنٹ اور ایوان صدر پر حملہ کرنے والوں کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، ریلوے کو تباہ و برباد کرنے والے خواجہ سعد رفیق اپنے محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں۔

مزید :

لاہور -