جادو کی چھڑی ہمارے پاس نہیں لیکن مسائل کو حل کرنے کا بھر پور عزم اورسب کے لئے کام کرنا چاہتے ہیںِ :میئر کراچی وسیم اختر
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وسائل محدود اور جذبے لا محدود کے عزم کے تحت کراچی کی عوام کو ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں،آج کے کراچی اور پچھلے 5ماہ کے کراچی میں بڑا واضح فرق ہے ،جسے محسوس کرنے کی ضرورت ہے جادو کی چھڑی ہمارے پاس نہیں ہے لیکن مسائل کو حل کرنے کا عزم رکھتے ہیں ، موجودہ بلدیاتی نمائندے عوام کی تکالیف کو زیادہ سمجھتے اور محسوس کرتے ہیں ۔ہم سب کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں اور سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، کراچی شہر ہمارا ہے اور ہم اس کے شہری ہیں ،اس کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ،ہم محدود وسائل سے نہیں گھبراتے، ہم محدود وسائل میں بھی کام کرکے دکھائیں گے۔
نجی خبر رساں ادارے ’’صبا نیوز ‘‘کے مطابق وسیم اختر نے کہا کہ چندماہ کا عر صہ کئی برسوں کے گند کو سمیٹنے کے لئے کا فی نہیں ہے ،لیکن اگر اس سوووینئر کا جائزہ لیا جائے تو اندازہ ہو گا کہ کس طرح سے عوامی خدمت کے کاموں کو انجام دیا گیا ہے ،عید قر باں ،محرم الحرام ،ربیع الاول کے اہم مذہبی مواقعوں پر جس طرح سے کاموں کو انجام دیا گیا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اس سووینئر میں صرف لفاظی سے کام نہیں لیا گیا ہے بلکہ ان تمام جگہوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں جہاں جہاں روڈ کارپیٹنگ ،پیچ ورک ،سی سی فلورنگ کے کاموں کو انجام دیا گیا ہے اوربلا تفریق تمام یو سیز میں اسٹریٹ لائٹوں کی تنصیب بھی اس بات کاثبوت ہے کہ ہم بلا تفریق رنگ و نسل کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں ، جبکہ 400پیور بلاک گلیوں کے کاموں کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، چار ماہ کے مختصر عرصے میں جو کام کئے گئے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔انہوں نے اس موقع چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیر رضا اور ان کی ٹیم کو سراہا جنہوں نے چار ماہ کے دوران عوام کی خدمت کے حوالے سے کوئی کسر نہیں اٹھارکھی ہے۔