حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کررہی، میڈیا معاشرے کی منفی چیزوں کے علاوہ مثبت پہلو بھی دکھائے:گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ

حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کررہی، میڈیا معاشرے کی منفی چیزوں کے ...
حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کررہی، میڈیا معاشرے کی منفی چیزوں کے علاوہ مثبت پہلو بھی دکھائے:گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ میڈیا آج کے معاشرے میں انتہائی اہم کردار ادا کررہا ہے ،  میڈیا کو چاہئے کہ معاشرے کی منفی چیزوں کے علاوہ مثبت پہلو بھی دکھائے، ڈاکٹرز مسیحا ہیں جن کے پاس لوگ اپنا دُکھ درد لیکر آتے ہیں ، ہمیں انہیں اخلاقی طور پر سپورٹ کرنا چاہئے تاکہ وہ ایمانداری اور لگن سے اپنا کام جاری رکھ سکیں، حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کررہی ہے۔

نجی خبر رساں ادارے ’’صباح نیوز ‘‘کے مطابق لاہور کے مقامی ہوٹل میں ’’پاکستان اکیڈمی آف فیزیشن‘‘  کی سالانہ بین الاقوامی کانفرنس میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ فیملی فیزیشن کا کردار مریضوں کے لئے انتہائی اہم ہوتا ہے کیونکہ وہ مریض کو ابتدائی طور پر دیکھتا اور مرض کی بروقت تشخیص کرتا ہے، جس سے بیماری آگے نہیں بڑھتی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ سیکٹر میں مسائل ہیں اس سے انکار نہیں، حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کررہی ہے، نئے ہسپتال بنائے جارہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ صحت کی سہولیات میسر آسکیں۔ گورنر نے میڈیا پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بیماریوں کے بارے میں آگاہی مہم شروع کریں کہ بیماریاں کیسے پھیلتی ہیں؟ جبکہ  ان کے بچاو کے طریقے بھی بتائیں ،اس طرح لوگوں میں شعور آئے گا۔ گورنر ملک رفیق رجوانہ  نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے ہمیں ایک سوچ اور فکر کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ تنقید برائے اصلاح ہونی چاہئے اسی میں پاکستان کی ترقی ہے۔اس موقع پر پاکستان اکیڈمی آف فیزیشن کی طرف سے گورنر پنجاب کو شیلڈ بھی دی گئیجبکہ  صوبائی وزیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے بھی تقریب  سے خطاب کیا۔

مزید :

لاہور -