ویب ڈویلپمنٹ میں 10ہزار ہنر مند نوجوان تیار ہونگے،ضیاء اللہ خاں

ویب ڈویلپمنٹ میں 10ہزار ہنر مند نوجوان تیار ہونگے،ضیاء اللہ خاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد(آن لائن)موبائل اَیپس اور ویب ڈویلپمنٹ میں 10ہزار سے زائد نوجوان تیار کئے جائیں گے تاکہ ملک سے آئی ٹی برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا ا ضافہ کرکے ملکی معیشت کومضبوط بنیاد فراہم کی جا سکے۔ یہ باتیں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ انفرمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ضیاء اللہ خاں نے ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ‘ انوویشن و کمرشلائزیشن کے اشتراک سے اقبال آڈیٹوریم میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر کی صدارت میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ ضیاء اللہ خاں نے بتایا کہ ان کا ادارہ فیصل آباد میں ویک اینڈ کورس کے ذریعے موبائل اَیپس اور ویب ڈویلپمنٹ میں مہارت کیلئے ایک ہزار نوجوانوں کی ہنرمند فورس تیار کرے گا جس کیلئے آن لائن داخلوں کا سلسلہ فوری طو رپر شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام سٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیب کونوجوانوں کی مفت تربیت کیلئے وقف کر دیاگیا ہے جسے سیلانی ماس آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کا حصہ بناکر ملکی سطح پر دس ہزار آئی ٹی پروفیشنلزتیار کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی اور آن لان روزگار کے لامحدود مواقعوں سے فائدہ اُٹھانے کیلئے ان کا ادارہ اپنا تعمیری کردار ادا کررہا ہے جس کو مزید توانائیوں سے آگے بڑھایا جائیگا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا کہ دنیا میں آئی ٹی انڈسٹری جس برق رفتاری سے ترقی کرتے ہوئے ہماری زندگیوں میں اپنا کردار بڑھا رہی ہے اس سے اس اہم شعبہ میں روزگار اور ترقی کے مواقعوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم نوجوانوں کو محض ملازمتوں کیلئے تیار نہیں کیا جاتابلکہ انہیں منفرد اور اچھوتے بزنس آئیڈیا کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے ابتدائی سرمایہ اور ضروری تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے پلیٹ فارم سے ماہرین کی101اختراعات پر مبنی کیٹلاگ شائع کی گئی ہے جس میں کاروباراور سرمایہ کاری کے پرکشش بزنس پلان سے فائدہ اُٹھایا جانا چاہئے۔ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے بتایا کہ ان کے دفتر کی طرف سے خودروزگار کے خواہش مند نوجوانوں کو بزنس سٹارٹ اَپس کیلئے تربیت اور سرمایہ بھی فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے کامیاب کاروبار کے ساتھ دوسرے نوجوانوں کیلئے پرکشش ترغیب کا باعث بن سکیں۔ تربیتی ورکشاپ سے چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس مسٹر تسلیم مصطفی ‘ ایسوسی ایٹ پروفیسراورک ڈاکٹر عبدالرشید‘ پرنسپل آفیسرلیبارٹری سکولز سسٹم ڈاکٹر خلیل الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

کامرس -