تاجر الائنس کا سی پیک کے تحفظ کیلئے پاک چائنہ ڈیفنس ایگریمنٹ کا مطالبہ

تاجر الائنس کا سی پیک کے تحفظ کیلئے پاک چائنہ ڈیفنس ایگریمنٹ کا مطالبہ

کراچی(اکنامک رپورٹر)کراچی تاجرا لائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین وبانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے سی پیک کے تحفظ کے لیے پاک چائنہ ڈیفنس ایگریمنٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سی پیک کے عظیم الشان منصوبے کے تحفظ کے لیے پاک چائنہ دفاعی معاہدہ وقت کی ضرورت بن چکا ہے، پاکستا ن اور چین کے درمیان مظبوط اقتصادی شراکت داری کے لیے پاک چین سول جوہری معاہدہ پہلے سے ہی موجود ہے جس میں بھارت نے متعدد بار کاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی ہے مگر سی پیک کے لیے الگ سے دفاعی معاہد ہ کرنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ یہ ہی وہ منصوبہ ہے جو دونوں ہی ممالک کی خوشحالی کے لیے لازم وملزوم ہے ،جبکہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس ایگریمنٹ کے ساتھ دونوں ممالک سی پیک کی حفاظت کے لیے ایک مشترکہ فورس بھی بنائیں تاکہ کسی بھی تخریبی کارروائی کے نتیجے میں دشمن کو ملکر جواب دیا جاسکے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے معروف تاجر رہنما عقیل کریم ڈھیڈی کی قیادت میں ہونے والے رائس ایسوسی ایشن کے اجلاس میں کیا،اس موقع پر رفیق سلیمان ،رحیم جانو،سمیع اللہ،محمودمولوی سمیت دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے ۔ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ اس معاہدے میں یہ درج کیا جانا چاہیے کہ جو دشمن ممالک سی پیک کو ایک آنکھ دیکھنا پسند نہیں کرتے اگر وہ اس منصوبے کے خلاف کوئی غلط قدم اٹھانے یا کسی قسم کی سازش کرنے کا سوچیں تو انہیں مشترکہ طور پر بھرپور انداز میں جواب دیا جاسکے ،لہذا پاکستانی حکام چین کے ساتھ ان تمام امور پر بھی تبادلہ خیال کریں،انہوں نے کہاکہ پچاس ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا یہ منصوبہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہواہے ۔کیونکہ اس منصوبے خوشحالی کا نیا دور شروع ہونے کے ساتھ چالیس لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار بھی ملے گا،پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے عظیم والشان منصوبے کے باعث بہت سی بدخواں قوتیں اس منصوبے کو نقصان پہنچانے کاسوچ رہی ہیں،جس کے لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک اس منصوبے کی حفاظت کے لیے ایک ایسا ڈیفنس معاہدہ مرتب کریں جس کی رو سے دشمن اس منصوبوں کو ختم کرنے کا سوچ بھی نہ سکیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اسرائیل ،ایران اور بھارت کی میلی نگاہیں اس منصوبے کو ثبوتاذ کرنے کا سوچ رہی ہیں جس کے لیے ہم مل جل کر ہی اس منصوبے کی حفاظت کرسکتے ہیں۔

مزید : کامرس