فیصل آباد چیمبر میں فنی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا، صدر

فیصل آباد چیمبر میں فنی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا، صدر

فیصل آباد (بیورورپورٹ) خواتین کی دستکاریوں اور فن پاروں پر مشتمل مصنوعات کی وسیع پیمانے پر تشہیر کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ٹیوٹاکے مختلف پروگراموں میں زیر تعلیم طالبات کیلئے خصوصی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین پیپلز کالونی میں فن فیئر اور طالبات کی دستکاریوں اور فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کر تے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی آبادی میں نصف تعدادخواتین کی ہے مگر بدقسمتی سے نہ تو انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا گیا ہے اور نہ ہی ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے گئے جس کی وجہ سے نہ صرف خواتین کاشمار محروم طبقوں میں ہوتا ہے بلکہ اس سے مجموعی ملکی ترقی بھی متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی طرف سے ٹیوٹا کے ذریعے نوجوان نسل کومارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف ہنر سکھانے کیلئے شروع کئے جانے والے پروگراموں کو سراہا اور کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ خواتین کیلئے بڑے پیمانے پر مختلف پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ویمن ایمپاورمنٹ کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ٹیوٹاکے پروگراموں کے ذریعے نہ صرف خواتین اپنے اور اپنے خاندان کیلئے باعزت روزگار کما سکیں گے بلکہ ملکی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرسکیں گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین پیپلزکالونی کی پرنسپل مسز زریں سعید کی کوششوں کو سراہا او رکہا کہ انہوں نے اس فن فیئر اور نمائش کیلئے نہ صرف طالبات کیلئے صحت مند تقریبات کا بندوبست کیا ہے بلکہ ان کی تیار کردہ دستکاریوں اور مصنوعات کو بھی متعارف کروانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو بزنس کمیونٹی میں متعارف کروانے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بھی ان کی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کیا جاسکتا ہے ۔

اس سے قبل شیخ فاروق یوسف نے ا نجیئنر سہیل بن رشید، مزمل سلطان اور رانا حبیب الرحمان کے ہمراہ ربن کاٹ کر اس رنگارنگ فن فیئر اور نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے طالبات کی طرف سے اپنی تیار کر دہ مصنوعات کیلئے لگائے جانے والے سٹالوں کا بھی جائزہ لیا اور ان کی ہنر مندی کو سراہا۔ اس موقع پر کالج کی پرنسپل مسز زریں سعید نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے پر فیصل آباد کی کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔

مزید : کامرس