6 تعلیم بورڈز کے اختیارات کمیشنر ز کے سپرد، میٹرک کے امتحانات میں تاخیر کا خدشہ
لاہور(حافظ عمران انور)پنجاب حکومت نے عرصہ دراز سے خالی 6تعلیمی بورڈ کے انتظامی امور کو چلانے کے اختیارات کمشنرز کو سونپ دیئے ۔ میٹرک امتحانات کے بروقت انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق کمشنرز کو چیئرمین تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق میٹرک امتحانات سے قبل پنجاب حکومت کے اس فیصلے سے مارچ میں ہونے والے میٹرک امتحانات کا بروقت انعقاد ممکن نہیں۔واضح رہے کہ عرصہ دراز سے پنجاب کے چھ اضلاع کے تعلیمی بورڈز میں انتظامی امور چلانے کے لئے چیئرمین اور کنٹرولرز کی سیٹیں خالی تھیں جس کی وجہ سے ان تعلیمی بورڈز میں انتظامی امور شدید متاثر تھے۔پنجاب حکومت نے ان تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمین تعینات کرنے کی بجائے وہاں کے انتظامی امور کو چلانے کے لئے کمشنرز کو اضافی اختیارات سونپ دئیے ہیں جس سے آئندہ مارچ میں ہونے والے میٹرک امتحانات میں طلبہ کو رولنمبر سلپس ،امتحانی عملے کی تعیناتی اور دوسرے امور شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ماہرین تعلیم کے مطابق کمشنرز کے پاس اپنے اضلاع کے دوسرے انتظامی امور کو چلانے کے لئے بڑی مشکل سے وقت نکلتا ہے وہ کس طرح سے تعلیمی بورڈز کے معاملات کو چلا ئیں گے ۔ اس حوالے سے ٹیچرز یونینز کے عہدیداران اور طلبہ کے والدین نے بھی تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمین تعینات کرنے کی بجائے وہاں پر انتظامی اختیارات کمشنرز کو دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ٹیچرز یونین اور والدین نے کہا ہے کہ امتحانی نظام کو چلانے کے لئے جتنا ماہر تعلیم رول پلے کر سکتے ہیں اتنا کمشنرز نہیں کر سکتے اس لئے حکومت کو چاہئے کہ تعلیمی بورڈز کو چلانے کے لئے کمشنرز کی بجائے ماہر تعلیم کو بطور مستقل چیئر مین تعینات کیا جائے ۔ پنجاب کے جن تعلیمی بورڈ ز کے انتظامی امور کو چلانے کے لئے کمشنرز کو اضافی اختیارات سونپے گئے ہیں ان میں کمشنر راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری کو چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔کمشنر فیصل آباد مومن آغا کو تعلیمی بورڈ فیصل آباد ،کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی کو چیئرمین تعلیمی بورڈ ساہیوال،کمشنر بہاولپور کیپٹن (ر)ثاقب ظفر کو چیئرمین تعلیمی بورڈ بہاولپور ، کمشنر گجرانوالہ کیپٹن (ر)محمد آصف کو چیئرمین تعلیمی بورڈ گجرانوالہ، کمشنر ملتان بلال احمد بٹ کو چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان کا اضافی چارج دیا گیا ہے اس حوالے سے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جاری کر یا ہے
کمشنر