آئین میں الیکٹرول کالج مکمل ہونے کا کوئی ذکر نہیں ، سینیٹ انتخابات بروقت ہوں گے ، رضا ربانی

آئین میں الیکٹرول کالج مکمل ہونے کا کوئی ذکر نہیں ، سینیٹ انتخابات بروقت ہوں ...

 لاہور( این این آئی) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آئین میں الیکٹرول کالج کے مکمل ہونے یا نہ ہونے کا کوئی ذکر نہیں لہٰذاسینیٹ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے ، ملک میں ماورائے آئین کوئی چیزنہیں ہونی چاہئے ،اداروں کو مضبوط اورمستحکم کرنے کیلئے لازم ہے سب ایک دوسرے کا احترام کریں ،اداروں پر بھی لازم ہے آئین کی حدودمیں رہتے ہوئے کام کریں،زینب قتل کیس کے ملزم کو سر عام پھانسی دینے سے متعلق ترمیم آئی ہے جس پر کمیٹی غوروخوض کررہی ہے اور12فروری کو ہونے والے اجلاس میں حتمی طور پر سامنے آ جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم لاء کالج کی تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ مجھے امید ہے بالخصوص وہ خواتین جنہوں نے میڈل اور پوزیشنز حاصل کیں وہ عملی زندگی میں کرداراداکریں گی۔وہ دن قریب ہے جب ایک کامیاب خاتون ملک کی وزیر اعظم بن سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس پیشے سے آپ کا تعلق ہے بدقسمتی سے ابتداسے آج تک ہمارے ہاں قانون رہاہی نہیں۔ملک میں جنگل کاقانون یا مارشل لا ء رہا۔پاکستان میں قانون نافذ ہونے کے چار معیار ہیں ، اگر کسی کا تعلق اشرافیہ سے ہو تو اس پر قانون کا اطلاق مختلف ہوتا ہے اور اگر عام شہری ہے تو پھر اسی قانون کا اطلاق مختلف ہو گا،اگر آپ کے پاس دولت ہے تو اطلاق مختلف ہو گا اوراگر آپ میری اور اپنی طرح کے عام شہری ہیں تو صورتحال مختلف ہو گی۔ہمارے ملک میں انصاف جلد نہیں ملتا،ہم ایسے معاشرے میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں بروقت انصاف میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق سینیٹ کے انتخابات 12مارچ 2018کو ہونا لازمی ہیں اور نئے سینیٹرز اپنا حلف لیں گے اورماورائے آئین کچھ نہیں ہونا چاہیے۔چاروں صوبائی اسمبلی میں کسی ایک اسمبلی کے نہ ہونے پر کہوں گاکہ آئین میں الیکٹرول کالج میں اسمبلیوں کے مکمل ہونے یا نہ ہونے کا ذکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ زینب سمیت دیگرزیادتی کے واقعات قابل مذمت ہیں،ایسے واقعات سے معاشرے میں عجیب رجحان پیداہورہاہے۔اس کیس میں سرعام پھانسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایک ترمیم آئی تھی جس کے تحت سی آر پی سی میں ترمیم کی بات تھی،جیل کے قانون 354میں بات موجود ہے کہ اگر جیل میں جگہ نہ ہو تو اس کیلئے ودسری جگہ مختص ہو سکتی ہے جس پرغوروخوض جاری ہے اورسینیٹ کے 12فروری کے اجلاس میں حتمی سامنے آ جائے گا۔

میاں رضاربانی

مزید : علاقائی