حکومت کا پنجاب یونیورسٹی تصادم میں ملوث طلبہ کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

حکومت کا پنجاب یونیورسٹی تصادم میں ملوث طلبہ کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب حکومت نے پنجاب یونیورسٹی تصادم میں ملوث طلبہ کے خلاف ایکشن لینے جبکہ معصوم طلباء کو رہا کرانے کا فیصلہ کر لیا،پنجاب یونیورسٹی ڈسپلن کے مطابق کارروائی کرے گی۔ تمام طلبہ تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کو سیاست سے پاک کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہاروزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے پنجاب یونیورسٹی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ تصادم میں جو بھی طلبہ ملوث ہیں ان کو یونیورسٹی سے نکالا جائے گا مگر پنجاب گورنمنٹ کی جانب سے تصادم میں ملوث معصوم طلبہ کی ضمانتیں کروائی جائیں گی کیونکہ طالب علم ہونے کے ناطے ان کا حق ہے کہ انہیں ریلیف دیا جائے کیونکہ وہ کوئی دہشت گرد تو نہیں ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی کی ڈسپلنری کمیٹی ہاٹ لائنر کو قانون کے مطابق یونیورسٹی سے بے دخل کرے گی ہم نے 37طلبہ کو جیل میں ذاتی شنوائی کے نوٹس جاری کررکھے ہیں ۔بلوچی طلبہ کو میرٹ سے ہٹ کر داخلہ دیا گیا جبکہ اتنا کوٹہ نہیں تھا اب آئندہ بلوچستان حکومت کی مرضی کے بغیر طلبہ کو داخلہ نہیں ملے گا۔ سرفراز بگٹی میرے بھائی ہیں ان کی آمد کا احترام کرتا ہوں۔علاوہ ازیں گزشتہ روز منسٹر ہائر ایجوکیشن رضا علی گیلانی ،وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیر اعلی کے مشیر خواجہ احمد حسان اور ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کے درمیان دو گھنٹے ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے یونیورسٹی تصادم میں معصوم طلبہ کو رہا کر دیا جائے گا جبکہ تصادم میں ملوث کریمنل طلبہ کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایک روز قبل اعلان کیا گیا کہ بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور پنجاب کے وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی طلبہ تصادم کے حوالے سے ہفتہ کو 12بجے ایگزیکٹیو کلب پنجاب یونیورسٹی میں پریس کانفرنس کریں گے۔ بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے 12بجے ایگزیکٹیو کلب پہنچے تو وزیر ہائر ایجوکیشن رضا علی گیلانی اور وائس چانسلر ڈاکٹر زکریا ذاکر استقبال کیلئے موجود نہیں تھے تھوڑی دیر انتظار کے بعد سرفراز بگٹی مین لائبریری چلے گئے اور بعدازاں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن اور وائس چانسلر ایگزیکٹیو کلب تشریف لائے اس موقع پر سرفراز بگٹی بھی آگئے ایک ساتھ15منٹ میٹنگ کے بعد دونوں وزیر وں نے الگ الگ پریس کانفرنس کی۔واضح رہے پنجاب یونیورسٹی کے مسئلے پر گزشتہ روز بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور وزیر ہائر ایجوکیشن رضا علی گیلانی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرنے کے اعلان کے باوجود ایک ہی جگہ موجودگی کے باوجود علیحدہ علیحدہ پریس کانفرنس کی۔

مزید : صفحہ آخر