کیمیکل لگا چھالیہ مضر صحت قرار، استعمال پر مکمل پا بندی کا فیصلہ
لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سائنٹٖیفک پینل کی سفارشات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011 ء کے تحت کیمیکل لگے پروسیسڈ چھالیہ کو مضر صحت قرار دیتے ہوئے اس کے استعمال پر مکمل پا بندی کا فیصلہ کیا ہے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے جاری حکم نامے کے تحت چھالیہ کا کاروبار کرنے والوں کو 3ماہ کی مہلت دی گئی ہے ۔ حتمی مہلت ختم ہونے کے بعد خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا گیاہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سائنٹیفک پینل کے ممبران کی طرف سے میٹنگ میں پیش کی گئی سفارشات کے پیش نظرچھالیہ کی فروخت پر مکمل پا بندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیاجس کا اطلاق پنجاب بھر میں30اپریل 2018 سے ہوگا۔گزشتہ ماہ دسمبر میں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد چھالیہ پر پابندی کے حوالے سے سفارشات پینل میں پیش کی گئیں جن کی حتمی منظوری دیتے ہوئے پینل نے چھالیہ کے کاروبار سے منسلک افراد کو تین ماہ مپلت دی گئی ہے۔ مقررہ مہلت ختم ہونے کے بعد اگر کوئی بھی شخص چھالیہ فروخت کرتے ہوئے پایا گیا تو پنجاب فوڈ اتھارٹی سخت قانونی کارروائی کی مجاز ہوگی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے عوام سے گزارش کی ہے کہ چھالیہ کا استعمال انسانوں میں منہ ،گلے اورمعدے کے سرطان کے علاوہ معدے کے دیگر امراض کا باعث بن سکتا ہے ۔ان خطرناک بیماریوں کے پیش نظر عوام چھالیہ کا استعمال فوری ترک کر دیں ۔