پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی ، شہباز شریف

پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی اور قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ہنگامہ آرائی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ پنجاب یونیورسٹی کے ایشو پر کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سیاست اور ہنگامہ آرائی افسوسناک امر ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کارروائی یقینی بنائی جائے اور پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی کے ایشو پر خصوصی کمیٹی فوری طور پر فیصلہ کرکے رپورٹ پیش کرے۔ صوبائی وزیر سید علی رضا گیلانی، خواجہ احمد حسان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر لاہور ڈویژن،قائم مقام وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔دریں اثناء شہبازشریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں زینب قتل کیس کی تفتیش پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم زینب قتل کیس ہمارے لئے ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی کو شفاف اور بے لاگ تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ معصوم بچی کے قتل کیس کی تفتیش کے دوران حقائق کو مسخ کرنا ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ ابہام پیدا کرنے کی کوشش کرکے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غلط بیانی اور بے بنیاد دستاویزات کے ذریعے ہیجان اور ابہام پیدا کرنا قومی تقاضوں کے خلاف ہے۔ پنجاب حکومت نے انصاف کے منافی کوئی کام کیا ہے نہ آئندہ کسی کو کرنے دیا جائے گا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ آر پی او ملتان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان، مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت اور مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ ملک بھر کے عوام کا ادارہ ہے اورادارے کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ہسپتال کی پرفارمنس آڈٹ کیلئے دنیا کی بہترین کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ غریب مریضوں کا علاج مفت ہوگا۔اس ادارے میں آمد و رفت کی سہولت فراہم کرنے کیلئے سپیڈو بس کے روٹ میں توسیع کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں انفیکشن کنٹرول کا آئیڈل نظام متعارف کرائیں گے ا ورنرسنگ سکول اور الائیڈ ہیلتھ پراجیکٹ کی تعمیر کا آغاز جلد کیا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی وزیربرائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق، پی کے ایل آئی کے صدر ڈاکٹر سعید اختر، ڈاکٹر معصومہ سعید، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیصل مسعود، متعلقہ سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -