جامعہ کراچی کے گریجویٹس ملک کا فخر اور اثاثہ ہیں،گورنرسندھ

جامعہ کراچی کے گریجویٹس ملک کا فخر اور اثاثہ ہیں،گورنرسندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ / چانسلر محمد زبیر نے کہا کہ جامعہ کراچی شہر کی نمایاں شناخت ہے ،جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل گریجویٹس ملک کا فخر اور اثاثہ ہیں،معیار تعلیم میں اضافہ ،تحقیق پر مبنی تعلیم کے فروغ ،سکیورٹی معاملات پر جامعہ کراچی کو ہرممکن مدد فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے طالب علم صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں،انہیں صرف صحیح سمت میں رہنمائی کی ضرورت ہے،دنیا کے ساتھ چلنے کے لئے تحقیق پر مبنی تعلیم سے طلبہ کو آراستہ کرنا ہو گا۔ چانسلر نے مزید کہا کہ جامعات کو مالی طور پر مستحکم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ بہتر طریقہ سے کام کر سکیں،جامعات ترقی کریں گی تو ملک ترقی کرے گا،اس ضمن میں وفاقی اور صوبائی ایجوکیشن کمیشنز کے مابین بہتر تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں تو صوبہ اعلی تعلیم کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ تحقیق پر مبنی معیاری اور جدید ترین تعلیم کا لازم جزو ہیں ،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں اس کی بہت اہمیت ہے،وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم کا مقصد ہونہار طالب علموں کو ان کی تعلیم میں مدد دینا ہے۔ محمد زبیر نے کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں ،معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت اشد ضروری ہے ،جامعہ کراچی میں ہم نصابی خصوصا کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں ۔ تقریب سے خطاب میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ ہم اپنے چانسلر کو بطور سابق طالب علم جامعہ میں خوش آمدید کہتے ہیں،جامعہ مسائل سے دو چار ہے،انفرا اسٹرکچر کی بحالی میں مدد کی ضرورت ہے۔شیخ الجامعہ کراچی نے گورنر سندھ کو درس و تدریس ، شعبہ جات کی کارکردگی ، حائل رکاوٹوں ، درپیش مسائل، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے بے پناہ کام اور اس ضمن میں جامعہ کراچی کے مسائل کے حل میں بھی بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ، امید ہے چانسلر کی سربراہی میں جامعہ کراچی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں مزید فعال کردار ادا کرے گی ۔

B

مزید : کراچی صفحہ اول