تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبل کو عنقریب اپ گریڈ کیا جائے گا:محب اللہ خان

تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبل کو عنقریب اپ گریڈ کیا جائے گا:محب اللہ خان

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک و امداد باہمی اور ماہی پروری محب اﷲ خان نے کہا ہے کہ تحصیل کبل سوات کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات ان کے دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبل کو کیٹیگری سی کا درجہ دینے کے منصوبے پر جلدی تعمیراتی کام شروع ہو گا اور اس پر تقریبا32کروڑ روپے لاگت آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اچانک دورے کے موقع پرکیا ۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے اسسٹنٹ کمشنر کبل اسرار خان ، پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے سینئر نائب فضل مولا اور پی ٹی آئی کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ سول ہسپتال کبل کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اورسٹاف کے حاضری رجسٹرز چیک کئے اور مریضوں کے علاج و معالجے کے بارے میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ معاون خصوصی نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی فرداًفرداًعیادت کے ساتھ ساتھ علاج معالجے کے بارے میں درپیش مسائل اور سہولتوں سے متعلق استفسار کیا ۔محب اللہ خان نے صحت و صفائی کے اجتماعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سول ہسپتال کبل کی اپ گریڈیشن علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ اور حل طلب مسئلہ تھا جس کے لئے پی ٹی آئی کے رکن قوم اسمبلی مراد سعید سمیت انہو ں نے بھر پور جدوجہد کی اور ان کے شب و روز محنت کی بدولت ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر عملی کام ہوا ۔ محب اﷲ خان نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ہسپتالوں اور سکولوں میں عملہ کی حاضری یقینی ہونے کے باعث عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کا زیادہ واستہ سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں سے پڑتا ہے اس لئے حکومت نے ان کی بہتری پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے تاکید کی ہے کہ وہ خدمت انسانیت کے مقدس پیشے کے تحت اپنے فرائض ایمانداری اور دلی لگن سے انجام دیا کریں ۔ محب اﷲ خان نے ایکسرے روم ، لیبارٹریوں اور او پی ڈی سمیت ہسپتال کے مختلف وارڈوں کے معائنے کے دوران صفائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کی بھی تاکید کی اور ہسپتال کو جدید مشینری فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی

مزید : پشاورصفحہ آخر