معصوم شہریوں کا قتل عام برداشت نہیں کرینگے ،ڈاکٹرعارف علوی

معصوم شہریوں کا قتل عام برداشت نہیں کرینگے ،ڈاکٹرعارف علوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جب تک نقیب محسود کا قاتل راؤ انوار گرفتارنہیں ہوجاتا، اُس وقت تک تحریک انصاف سکون سے نہیں بیٹھے گی۔ پولیس کے ہاتھوں معصوم شہریوں کا قتل عام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ نقیب محسود قوم کا بیٹا تھا۔ پوری پاکستانی قوم اس کے قتل کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ شہر میں جاری پولیس گردی اگر بند نہ کی گئی تو اسی طرح کئی نقیب اور انتظار قتل ہوتے رہیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے سہراب گوٹھ میں نقیب محسود کے قتل کے خلاف ہونے والے جرگے میں شرکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر ان کے ہمراہ سیکریٹری اطلاعات سندھ الیاس شیخ، طاہر ملک، دوا خان صابر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ جب پولیس ایک قاتل اور مفرور ایس ایس پی کو گرفتار نہیں کر پا رہی تو وہ چوروں اور ٹارگٹ کلرز کو کیسے گرفتار کرے گی۔ راؤ انوار کا اب تک گرفتار نہ ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ سندھ میں پولیس کا نظام کتنا ناقص ہوچکا ہے۔ سندھ پولیس عدالتی احکامات کے مطابق تین دن کے اندر راؤ انوار کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔ اگر راؤ انوار کی گرفتاری عمل میں نہ لائی گئی تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ انصاف ریاست کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور قتل جیسے جرم کے مرتکب فرد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جاسکتی ۔ پولیس کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور اس میں اصلاحات لائی جائیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ واقعے کے ذمہ دار راؤ انوار کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔ نقیب محسود کے قتل کا ملک و قوم کو بہت افسوس ہے اور جب تک اس کے ساتھ انصاف نہیں ہوتا، ہم احتجاج جاری رکھیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر